عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ضلع اننت ناگ میں امرناتھ یاترا کے دوران تفویض کردہ ڈیوٹی سے بلاجواز غیر حاضر رہنے پر ایک ایس پی اوکو ملازمت سے فوری طور پر برخاست کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق، شبیر احمد گنائی ولد عبد الحمید گنائی ساکنہ پرائم گام ہلر شاہ آباد، ڈورو کو امرناتھ یاترا کیلئے سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا تھا۔ تاہم انہیں باضابطہ طور پر نامزد کیے جانے اور مقررہ مقام پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کے باوجود انہوں نے نہ تو اپنی ڈیوٹی جوائن کی اور نہ ہی غیر حاضری کے حوالے سے کوئی قابل قبول وجہ یا پیشگی اجازت حاصل کی۔ ایس ایس پی اننت ناگ نے اس غفلت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ ایس پی او کو فوری طور پر ملازمت سے برخاست کرنے کا حکم جاری کیا۔