عظمیٰ نیوز سروس
جموں// کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر میں واقع ہولڈنگ سینٹر کے اندر روہنگیا مسلمانوں کی طرف سے منگل کو ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جنہوں نے اپنی رہائی کا مطالبہ کیا۔ میانمار سے تعلق رکھنے والے روہنگیائی ہیرا نگر کے ہولڈنگ سینٹر میں تھے جہاں ان کی پولیس سے جھڑپ ہوئی اور ہولڈنگ سینٹر سے ان کی رہائی کے لیے احتجاج کیا۔ تاہم مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔ اس سے پہلے بھی، انہوں نے اپنی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا، لیکن پولیس حکام نے ہولڈنگ سنٹر، ہیرا نگر میں انہیں راضی کر لیا۔ تقریباً 270 روہنگیا بشمول 74 خواتین کو 2021 سے ہولڈنگ سینٹر میں غیر قانونی تارکین وطن کے طور پر درج کیا گیا ہے۔ اسی طرح کا احتجاج جموں میں ان کے رشتہ داروں نے بھی کیا اور انہوں نے بھی مطالبہ کیا کہ خاندانوں کو متحد کیا جائے یا خاندانوں کو الگ کیے بغیر ان سب کو ملک بدر کر دیا جائے۔