کشتواڑ//گزشتہ ماہ کی 27 تاریخ کو شام کو ضلع ہیڈکوارٹر سے 70کلومیٹر دور دچھن کے ہونزڈ میں بادل پھٹنے کے واقعہ میں لاپتہ 19افراد کا ایک ماہ بعد بھی کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ بچائوکاروائی میں لگی ایس ڈی آرایف، این ڈی آر ایف ، پولیس، فوج و رضاکارنہ تنظیموں کے ہاتھ بالکل خالی ہیں۔ علاقہ میں یہ حادثہ27 جولائی کی شام آٹھ بجے اس وقت پیش آیا تھا جب علاقہ کی پہاڑی پر بادل پھٹ گئے جس سے پانی کا ریلا بستی کی طرف آگیا جس نے وہاں 6 رہایشی مکانات ، 1 راشن ڈیپو ، کئی لکڑی کے پلوں کو بہا لیا تھا جبکہ اس واقعہ میں کل 26 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی جن میں سے 7افراد کی لاشوں کو ڈھونڈا گیا تھا جبکہ19ہنوز لاپتہ ہیں۔اس واقعہ میں 17 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ کئی جانور بھی ہلاک ہوئے تھے۔ حادثے کے فورا بعد بچائو کاروائی عمل میں لائی گئی اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا وہیں لاپتہ افراد کو بھی ڈھونڈنے کی ہرممکن کوشش کی گئی لیکن ایک ماہ بعد بھی انکا کوئی سراغ نہ ملا۔ پولیس کے سینئرافسر نے بتایا کہ علاقہ میں50فٹ کے قریب مٹی و پتھر موجود ہیں جنھیں اگرچہ ہٹانے کی ہرممکن کوشش کی گئی تاہم لاپتہ افراد کو ڈھونڈنے میں کوئی بھی کامیابی نہ ملی۔ علاقہ میں کھوجی کتوں کی بھی مدد لی گئی لیکن ہاتھ کچھ نہ لگا۔انھوں نے بتایا کہ اگر بھاری مشینری کا استعمال ہوتا توکچھ مل سکتا تھا لیکن علاقہ سڑک رابطہ سے محروم ہے اور وہاں مشینری کا پہنچنانا ناممکن ہے۔ انتظامیہ نے راشن ، ٹینٹ و دیگر سازوسامان پہلے ہی انھیں فراہم کیاجبکہ رضاکارانہ تنظیموں و دیگر تنظیموں نے امداد بھیجا ۔مقامی لوگوں نے علاقہ سے کسی دوسری جگہ منتقلی کی مانگ کی تھی جہاں انھیں انتظامیہ و سیاستدانوں نے بھروسہ تو دلایا لیکن ایک ماہ کے بعد بھی اس پر کوئی پیش رفت دیکھنے کو نہیںمل رہی ہے اور اب مقامی لوگ وہیں اپنے مکانات تعمیر کرنے کی سوچ رہے ہیں۔سانحہ میں مارے گئے 7 افراد جنکی لاشیں ملی تھیں، انھیں انتظامیہ نے لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے جاری کئے گئے امداددی جبکہ مکان، گائوخانہ اور مارے گئے جانوروں کا ریلیف بھی جاری کیا گیا ہے۔نیز ایس ڈی آر ایف کی گائیڈ لائنز کے تحت محکمہ پی ایچ ای ، محکمہ بجلی اور ڈی ایف او کو بھی پیسہ دیا گیا تھا تاکہ علاقہ میں ہوئے نقصان کو ٹھیک کرکے لوگوں کو بجلی، پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ مقامی لوگوں نے مانگ کی تھی کہ علاقہ میں خصوصی ٹیموں کو بھیجا جانا چاہے تاکہ لاپتہ افراد کو ڈھونڈ نکالا جاسکے۔ اس سانحہ میں لاپتہ19 افراد میں9خواتین و 10 مرد شامل ہیں ۔