نئی دہلی//یو این آئی// وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو اپنی حکومت کی پالیسیوں کو انتودیہ اور کامل انسانیت کے مبنتروں پر مبنی بتایا اور کہا کہ انہی اصولوں کو لے کر ملک مضبوطی اور خود انحصاری کے راستے پر آگے بڑھ رہا ہے ۔ پنڈت دین دیال اپادھیائے کی 53ویں برسی کے موقع پر منعقد ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بنیادی ڈھانچہ کے شعبے میں ہونے والی غیرمعمولی تبدیلیوں کی بدولت شہریوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اب جب کہ بھارت کے مرتبہ میں دنیا بھر میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، ہر ہندوستانی کو اس پر فخر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست میں قوم سب سے مقدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین دیال اپادھیائے کے نظریات آج بھی مفید ہیں اور اْن کی زندگی ہم سب کیلئے ایک ترغیب ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پورا ملک، آتم نربھر بھارت کے نظریے سے واقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران حکومت ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلیاں لائی ہے۔ بھارت نے ڈیجیٹل لین دین کے تعلق سے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ ہر مہینے بھارت میں ڈیجیٹل طریقے سے چار لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کا لین دین ہورہا ہے۔