ڈوڈہ//ڈوڈہ ضلع میں ہفتہ وار کورونا کرفیو کے سلسلے میں دوسرے روز بھی بندشیں عائد رہیں جس دوران نجی کاروباری ادارے و عوامی ٹرانسپورٹ بند رہا تاہم عید کی آمد کے سلسلہ میں بازاروں میں عام لوگوں کی آمدورفت بحال رہی۔اس دوران سیول سوسائٹی نے بندشوں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید قریب آرہی ہے اور مسلسل دو روز کورونا کرفیو نافذ رہنے سے لوگ خریدوفروخت نہیں کر سکے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے سیاسی و سماجی کارکن ریاض احمد زرگر کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال کی طرح امسال بھی کاروباری شعبہ سے وابستہ افراد و مزدو طبقہ بری طرح متاثر ہوا ہے اور دوسری طرف کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں عام آدمی کا جینا محال بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کے ساتھ دوکانیں، نجی کاروباری ادارے و عوامی ٹرانسپورٹ کو ہفتہ بھر بحال رکھا جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔