مینڈھر //سب ضلع ہسپتال مینڈھر کی اراضی پر ایک ڈاکٹر کی جانب سے قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم بلاک میڈیکل آفیسر کی تحریری شکایت کے بعد محکمہ مال نے غیر قانونی قبضہ ہٹانے کیلئے ایک مہم شروع کی ۔محکمہ مال نے بتایا کہ میڈیکل شعبہ میں ہی اپنی خدمات دینے والے ڈاکٹر نے سب ڈسٹر کٹ ہسپتال کی اراضی پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب ناجائز طور پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تاہم اس سلسلہ میں بلاک میڈیکل آفیسر ڈاکٹر پرویز خان کو جانکاری ملنے کساتھ ہی تحصیلدار مینڈھر کو تحریری شکایت ارسال کی گئی ۔شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے نائب تحصیلدار اور متعلقہ پٹواری کی قیادت میں ایک ٹیم نے موقعہ پر جا کر مذکورہ قبضہ ہٹا دیا ۔تحصیلدار نے بتایا کہ میڈیکل محکمہ میں ہی تعینات ڈاکٹر کی جانب سے غیر قانونی قدم اٹھایا گیا ہے جس کیلئے کیس درج کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔اس دوران نائب تحصیلدار مینڈھر اشفاق فانی کی قیادت میں محکمہ کی ایک ٹیم نے جگال علاقہ میں 55کنال سرکاری اراضی کو وگزار کروالیا ۔محکمہ مال نے لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کی کوششیں نہ کی جائیں جبکہ آئندہ سخت کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔