کپوارہ//ہایہامہ کپوارہ میں بجلی کے ناقص نظام پر لوگو ں نے برہمی کا ظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ بجلی معقول بجلی سپلائی بحال کریں ۔ ہلمت پورہ ،پائر پورہ ،چھلہ گنڈ ،بٹہ پورہ ،منزہار اور دیگر علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ ہایہامہ میں گزشتہ 4ماہ سے بجلی کی ناقص فراہمی سے لوگ تنگ آچکے ہیں ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال محکمہ بجلی نے جو کٹوتی شیڈول مرتب کیا ،اس پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا ہے بلکہ علاقہ میں بے قاعدہ کٹوتی شیڈول نافذ ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ بجلی کی آنکھ مچولی نے لوگو ں کا جینا حرام کر دیا ہے کیونکہ اکثر و بیشتر اوقات خاص طور شام کے وقت علاقہ میں بجلی غائب رہتی ہے جس کے نتیجے میں ہایہامہ شام ہوتے ہیں گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے ۔ لوگو ں کا کہنا ہے کہ وہ ہر ماہ بجلی فیس با قاعدگی سے ادا کرتے ہیں لیکن پھر بھی صارفین کو بجلی کی معقول فراہمی کے حوالہ سے طرح طرح کی مشکلات درپیش ہیں ۔