نیدرلینڈ نے چلی کی امیدوں پر پانی پھیرا، ملیشیانے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ نے اسپین کو شکست دی
بھونیشور//یو این آئی// نیدرلینڈ نے چلی کو 14-0 سے شکست دے کر اس کی ایف آئی ایچ مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ 2023 کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کی تمام امیدیں ختم کر دیں۔ کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کی جانب سے جیپ جانسن (6ویں، 29ویں، 34ویں، 44ویں) نے چار گول کیے جبکہ کپتان تھیری برنک مین نے تین گول (25ویں، 33ویں، 58ویں) کیے ۔ فاتح ٹیم کی جانب سے کوئن بیجڈن نے دو گول کیے جبکہ ڈرک ڈی وائلڈر، تھیجس وین ڈیم، پیٹرز ٹیرینس، بلاک جسٹن اور ٹین بینز نے ایک ایک گول کیا۔ادھرفیصل ساری کی بدولت ملیشیا نے جمعرات کو پول سی کے ایک دلچسپ مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 3-2 سے شکست دی۔کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملائیشیا کی جانب سے فیصل ساری (8ویں، 56ویں منٹ) نے دو جبکہ رضی رحیم (42ویں منٹ) نے گول کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہیڈن فلپس (51ویں) اور سیم لین (52ویں) نے گول کئے ۔نیوزی لینڈ نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کرتے ہوئے دوسرے ہی منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کیا تاہم ملیشیا نے آٹھویں منٹ میں فیصل کے ذریعے برتری حاصل کر لی۔ملیشیا نے ابتدائی برتری حاصل کرنے کے بعد گیند کو اپنے قبضے میں رکھنے کی حکمت عملی اپنائی۔ملائیشیا پول سی میں دو جیت اور ایک ہار کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ ایک جیت اور دو ہار کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ انگلینڈ نے پول ڈی مقابلے میں اسپین کو 4-0 سے شکست دی۔کلنگا اسٹیڈیم میں یکطرفہ مقابلے میں انگلینڈ کے لیے فل روپر (10ویں)، ڈیوڈ کونڈن (21ویں)، نکولس بینڈروک (50ویں) اور لیام اینسل (51ویں) نے گول کئے ۔ اس میچ کے ساتھ ہی انگلینڈ نے پول مرحلہ بھی بغیر کسی گول کے مکمل کر لیا۔پول ڈی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لیے انگلینڈ شروع سے ہی حملے کررہا تھا، جس نے روپر اور کونڈن کے گول کے ذریعے مطلوبہ برتری حاصل کی۔ پہلے ہاف کے اختتام سے قبل اسپین نے بھی مواقع پیدا کیے لیکن ان سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔ اسپین کو میچ کے 14ویں منٹ میں پنالٹی کارنر ملا جسے وہ گول میں تبدیل نہ کرسکا۔ دوسرے کوارٹر میں اسپین بھی کونڈن کے گول سے پہلے گول کرنے کے قریب پہنچ گیا، حالانکہ انگلینڈ کا دفاع اس بار پھر ناقابل تسخیر ثابت ہوا۔اسپین نے تیسرے کوارٹر میں گول کرنے کی خواہش کے ساتھ جارحانہ انداز اپنایا لیکن 38ویں منٹ میں ملنے والے واحد پنالٹی کارنر کا فائدہ نہ اٹھا سکا۔ انگلینڈ نے پھر آخری کوارٹر میں اپنی 100 فیصد صلاحیت کے مطابق کھیلا۔ کوارٹر کے پہلے منٹ میں پنالٹی کارنر میں ناکامی کے بعد انگلینڈ نے حملہ کیا اور 50ویں منٹ میں فیلڈ گول کر دیا۔ مارک ویزکینو کو 51ویں منٹ میں گرین کارڈ دیکھ کر پچ سے باہر جانا پڑا اور اسی منٹ میں لیام نے انگلینڈ کا چوتھا گول کر دیا۔
بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن کے صدر کی انوراگ ٹھاکر سے ملاقات
نئی دہلی//یو این آئی// بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے صدر طیب اکرام نے بدھ کو کھیل اور نوجوانوں کے امور کے وزیر انوراگ ٹھاکر سے ملاقات کی اور انہیں اڈیشہ میں کھیلے جانے والے ہاکی ورلڈ کپ اور ایف آئی ایچ سے متعلق دیگر معاملوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اکرام نے میٹنگ کے بعد ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا، “ایف آئی ایچ کی جانب سے ، میں ہندوستان کے کھیلوں اور نوجوانوں کے امور کے وزیر انوراگ ٹھاکر کا اپنا قیمتی وقت نکالنے پر شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔ یہ میرے لیے اور ایف آئی ایچ کے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ ہماری بات چیت دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ میں ہاکی انڈیا اور ایف آئی ایچ کو مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ کی شاندار تنظیم اور اُڈیشہ کے شائقین کو مبارکباد دیتا ہوں۔”انہوں نے کہا “ہم نے اس بارے میں بھی بات کی کہ ایف آئی ایچ ہاکی کے فروغ کے معاملے میں کوچنگ سمیت دیگر معاملات پر کس طرح ہندوستان کی مدد کر سکتا ہے ۔ وزیر موصوف نے ایف آئی ایچ کو ملک میں ہاکی کے ترقیاتی پروگراموں کے لیے حکومت کی طرف سے مکمل عزم کا یقین دلایا۔ مجھے مستقبل میں واٹر فری ہاکی پچوں کے حوالے سے اپنے کام کے بارے میں اپ ڈیٹ دینے کا موقع بھی ملا۔”اکرام نے ٹھاکر سے ہندوستان کے اولمپک میزبانی کے منصوبوں پر بھی بات کی۔ 2036 کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کے امکان پر وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت اس سمت میں سنجیدہ ہے ۔