سرینگر//غیرملکی سفارتکاروں کی موجودگی کے موقعہ پر شہر کے ہائی سیکورٹی زون میں بدھ کی شام فائرنگ کاواقعہ رونما ہوا،جس دوران سونہ وار میں قائم مشہور’کرشنا ڈھابہ ‘کامالک گولی لگنے سے شدیدزخمی ہوگیا۔اقوام متحدہ فوجی مبصر آفس سونہ وار کے قریب درگا ناتھ مندر کے متصل بدھ کی شام7 بجکر 35منٹ پر مشہور’کرشنا ڈھابہ ‘کے مالک کے بیٹے 25سالہ آکاش مہرہ ولد رمیش مہرہ پر مشتبہ جنگجوئوںنے گولیاں چلائیں ،جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا اور اسے فوری طور پر صدراسپتال منتقل کیا گیا۔ صدراسپتال کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیرچودھر ی نے بتایاکہ آکاش مہرہ نامی نوجوان کی چھاتی میں گولی پیوست ہوئی ہے اوراُسکا فوری آپریشن کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ فی الوقت زخمی شہری کی حالت نازک تھی۔واقعہ کے فوراً بعد پولیس اور فورسز نے اس پورے علاقے کو محاصرے میں لیکرحملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ۔عین شاہدین کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کے وقت یہاں بہت کم لوگ موجود تھے۔ملی ٹینسی کے 30برسوں میں ہائی سیکورٹی زون میں یہاں اس طرح کا یہ پہلا واقعہ ہے۔کرشنا ڈھابہ پر لوگوں کا بھاری رش رہتا ہے۔یہ علاقہ ہائی سیکورٹی زون کہلاتا ہے جس کے قریب 100فٹ کے فاصلے پر یو این او آفس ہے۔ اسکے ساتھ ہی آستان عالیہ اور درگاہ ناتھ مندر جگہیں ہیں، جہاں سیکورٹی رہتی ہے، جبکہ قریب ہی گپکار روڑ ہے، جہاں کی سیکورٹی ہائی الرٹ پر ہوتی ہے۔ شام کے وقت فائرنگ کاواقعہ رونماہونے کے بعدیہاں خوف ودہشت کی لہردوڑ گئی ۔پولیس نے بتایاکہ شہرکے حساس علاقہ میں ہوئی فائرنگ میں ملوث جنگجوئوں کی تلاش بڑے پیمانے پرشروع کردی گئی ہے ۔