زاہدبشیر
گول//سب ڈویژن گول اور اس کے مضافاتی علاقوں میں گزشتہ چند دنوں سے جاری شدید بارشوں نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ مسلسل بارش کے باعث سڑکیں کیچڑ میں تبدیل ہونے سے آمدورفت میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔بازاروں میں بھی اس کا واضح اثر دیکھا جا رہا ہے، جہاں عید کی آمد قریب ہونے کے باوجود خریداروں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ عید جیسے بڑے تہوار سے قبل کاروبار میں تیزی آنا معمول کی بات ہوتی ہے، لیکن اس بار مسلسل بارشوں نے کاروبار کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔کپڑے، جوتے اور دیگر اشیائے ضروریہ کے تاجروں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر موسم کی یہی صورتحال برقرار رہی تو انہیں بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ خراب موسم اور راستوں کی ابتر حالت کے باعث وہ خریداری کے لیے بازار جانے سے گریز کر رہے ہیں۔مقامی انتظامیہ نے لوگوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔