زاہد بشیر
گول//گول کی عوام کو زیادہ قریب لانے اور ان کے مسائل کا فوری حل یقینی بنانے کی کوشش کے تحت ایس ڈی ایم گول امتیاز نے تحصیلدار گول ہر جیت سنگھ کے ہمراہ بلاک سنگلدان کے مہاکنڈ میں ایک وسیع عوامی شکایات کے ازالے کیمپ کا انعقاد کیاگیا جس میں علاقے کے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ افسران نے مقامی لوگوں کے مسائل بغور سنے، ان کے مطالبات نوٹ کیے اور ایس ڈی ایم کی ہدایات پر کئی امور پر موقع پر ہی کارروائی عمل میں لائی گئی۔عوام سے بات چیت کے دوران ایس ڈی ایم امتیاز نے یقین دہانی کرائی کہ سرکاری قواعد و ضوابط کے اندر آنے والی تمام جائز شکایات کو بروقت اور شفاف طریقے سے حل کیا جائے گا۔ انہوں نے موجود افسران کو ہدایت دی کہ زیادہ سے زیادہ مسائل کا موقع پر نمٹارہ یقینی بنایا جائے اور سب ڈویژن گول میں سرکاری فلاحی و ترقیاتی اسکیموں کی رسائی کو مزید مضبوط کیا جائے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے فعال اور پیش قدمی والے طرزِ عمل کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ عوامی سطح پر درپیش مسائل کے حل کے لیے اس طرح کا رابطہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔