جموں//گورنر انتظامیہ کی عوامی رابطہ مہم کے تحت گورنر کے مشیر کے ۔وِجے کمار نے جموں میں عوامی شکایات کے ایک دربار کا انعقاد کیا جس دوران کئی وفود اور افراد نے اپنے مسائل اُن کی نوٹس میںلائے۔عوامی دربار کے دوران 38وفود اور 50افراد نے کنونشن سینٹر جموںمیں مشیر موصوف کے ساتھ ملاقات کر کے اپنے مسائل کے ازالے میں اُن کی مداخلت طلب کی۔رفیع آباد سول سوسائٹی بارہمولہ کے ایک وفد نے علاقے میں کھیل کے میدان کو مزید ترقی دینے، تحصیل دفتر میں ایک ہارٹیکلچر ڈیولپمنٹ آفیسر کو تعینات کرنے ، ایک سپیشلسٹ ڈاکٹر کی تعیناتی اور سرکاری ملازمین کے لئے رہائشی سہولیات کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے رہبر کھیل کے ایک وفد نے ضلع میں خالی اسامیاں پُر کرنے کے لئے اُن کے کیس پر غور کرنے کی درخواست کی۔
برنائی جموں کے وارڈنمبر 65کے باشندوں نے علاقے میں گلی کوچوں کی تعمیر کا مطالبہ کیا تاکہ لوگوں کو جمع ہونے والے پانی سے راحت مل سکے۔سینٹر ل آرمڈ فورسز سے سبکدوش ہوئے افراد پر مشتمل ایک وفد نے مطالبہ کیا کہ اُن کو ایکس سروس مین کی سہولیات دی جانی چاہئیں۔ڈورو اننت ناگ سے آئے باشندوں کے ایک وفد نے علاقہ میں قائم کئے گئے ہسپتال اور فائر سٹیشن کو مزید فروغ دینے کا مطالبہ کیا۔ دریں اثنا ڈوڈہ ضلع کے ٹھاٹھری علاقے آئے ایک وفد نے مشیر سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت سڑکوں کی تعمیر کی جانی چاہئیں اور اس علاقے میں غیر قانونی طور کی جارہی کان کنی کے عمل پر روک لگانی چاہیئے۔جموں یونیورسٹی کے طالب علموں پر مشتمل ایک وفد نے ایس ایس اے اور رہبر تعلیم اساتذہ کی مستقلی کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے اور ان کے مطالبات پورا کرنے کی مانگ کی۔این ایچ ایم کے تحت کام کر رہے ملازمین کے ایک وفد نے اپنے مطالبات مشیر کی نوٹس میں لاتے ہوئے اپنی مستقلی کی مانگ کی۔ایگریکلچر آفیسرس ایسو سی ایشن کے ایک وفد نے اپنے مطالبات مشیر کے سامنے رکھے۔
گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں کام کر رہے لیبارٹری اسسٹنٹوں کے ایک وفد نے ان کی ترقیوں کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرنے کی مانگ کی۔دیگر کئی وفود اور ملازمین انجمنوں کے علاوہ کئی افراد نے کے ۔وِجے کمار کے ساتھ ملاقات کرکے عوامی اہمیت کے مسائل ان کی نوٹس میں لائے ۔ کئی افراد نے ایس آر او 43کے تعلق سے اپنی مانگیں مشیر کے سامنے رکھیں۔کے وِجے کمار نے اُن سے ملنے آئے وفود اور افراد کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو مرحلہ وار بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔