زاہد بشیر
گول//سب ڈویژن گول کے داڑم گنڈی علاقہ میں آج لوگوں نے محکمہ تعلیم کی خستہ حالت پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد بلاک گنڈی داڑم میں محکمہ تعلیم کی حالت کو سدھارا جائے تا کہ یہاں کے بچوں کو بھی پڑھائی کا جو حق ہے وہ مل سکے ۔ احتجاجی مظاہرین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں تمام سکولوں کی حالت ابتر ہے ، کئی اسکولوں میں بیٹھنے کے لئے ٹاٹ نہیں ہیں اور ہر روز بچوں کو وردی دھو کر دینی پڑتی ہے گرد و غبار کی وجہ سے بچوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔انہوں نے کہا کہ اکثر اسکولوں میں اساتذہ کی شدید قلت پائی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ہر سال آنے والے نتائج کافی کمزور ہوتے ہیں ۔
مظاہرین نے کہا کہ ہائی سکول داڑم میں اگر چہ کمپیوٹر موجود ہیں لیکن بچوں کو سکھانے والا کوئی نہیں ہے اس ڈیجیٹل دور میں بھی ہمارے بچوں کو کمپیوٹر کی تعلیم سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر ہیڈ ماسٹر کو دوسری
جگہ بھی اٹیچ کر کے رکھا ہے جس وجہ سے وہ مکمل طور اپنی ڈیوٹی نہیں دے پا رہا ہے ۔اس موقعہ پر مظاہرین نے کہا کہ غیر قانونی طو رپر یہاں پر اٹیچ منٹ کر کے رکھی ہیں جس وجہ سے یہاں بچوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا ہے ۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ہمارے بچوں کے ساتھ انصاف کیا جائے ہمیں سکولوں میں اساتذہ کی قلت کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ سکولوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے تا کہ ہمارے بچے بھی تعلیم کے نور سے آراستہ ہوں۔