راجا ارشاد احمد
گاندربل//سرکار کی جانب سے نوجوانوں کو منشیات کی لت سے دور رکھنے کے لئے اضلاع میں متعدد کھیل سرگرمیاں انجام دی جارہی ہیں، لیکن زمینی سطح پر ضلع گاندربل میں بیشتر علاقوں میں کھیل کی سہولیات میسر نہ ہونے سے نوجوانوں مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں۔ گاندربل کے گنڈ رحمان علاقہ میں پچھلے کئی برسوں سے کھیل کے میدان میں پر جاری کام مکمل ہونے کا کام نام ہی نہیں لے رہا ہے جس کے نتیجے میں نوجوانوں کو کھیل صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ہی نہیں مل رہا ہے۔گاندربل کے گنڈ رحمان علاقہ میں وسیع کھیل کا میدان موجود ہے جس میں فرصت کے لمحات میں نوجوان فٹبال، کرکٹ سمیت دیگر کھیل سرگرمیاں انجام دیتے ہیں۔مقامی کھلاڑیوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گنڈ رحمان میں موجود کھیل کے میدان میں پچھلے چار برسوں سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام چار مرحلوں میں بھی مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے جس کی وجہ سے مقامی نوجوانوں کو اپنی کھیل سرگرمیاں جاری رکھنے میں مشکلات درپیش آرہی ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کے مطابق گنڈ رحمان میں واقع کھیل کے میدان میں پچھلے چار سالوں سے ترقیاتی کام جاری ہیں ،جو مکمل نہیں ہورہے ہیں۔ پورے کھیل کے میدان میں روڑی بجری ڈالی گئی جس کی وجہ سے کھیل کے دوران کھلاڑی گرنے سے زخمی ہوتے رہتے ہیں۔کھلاڑیوںنے مطالبہ کیا کہ کھیل کے میدان میں جاری کام میں سرعت لائی جائے تاکہ نوجوانوں بری عادتوں سے دور رہتے ہوئے کھیل سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرسکے۔ اس بارے میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ گاندربل ڈاکٹر بشیر احمد نے بتایا کہ کھیل کے میدان پر مختص رقومات کے ذریعے کام کیا جارہا ہے. امید ہے کہ اس سال کام مکمل ہوجائے گا۔