سرینگر// وادی میں سیلانیوں کی ریکارڑ آمد ہورہی ہے اور گلمرگ میں پہلی بار قومی مقابلوں میں شرکت کرنے والی بیشتر ٹیموں کو ٹھہرنے کیلئے جگہ میسر نہیں جس کے نتیجے میں انہیں سرینگر کے ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔ وادی میں گزشتہ2برسوں کے دوران سیاحتی صنعت کی بری حالت سے کون واقف نہیں لیکن امسال کی ریکارڈ توڑ سردی کے باوجود سیلانیوں کی آمد کا اچھا خاصا سلسلہ چل پڑا ہے۔ سیاحتی مقامات پر ہوٹلوں میں تل دھرنے کی جگہ موجود نہیں ہے ۔ گلمرگ میں فلمی اداکاروں ،ہدایت کاروں اور دیگر عملے کی موجودگی نے بھی سیاحتی مقامات کو مصروف بنا دیا ہے۔ گلمرگ میں اتوار کو جونیئر سکینگ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا،جس میں 16 ریاستوں و مرکزی زیر انتظام خطوں سے تعلق رکھنے والے 250 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ٹیموں میں شامل صرف5 ریاستوں کی ٹیم کھلاڑیوں کو گلمرگ میں شبانہ رہائش کی جگہ میسر ہوئی ہے جبکہ باقی ٹیموں کو شبانہ رہائش کیلئے سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گلمرگ میں جگہ نہ ملنے کی وجہ سے صرف مہاراشٹرا، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، ہریانہ اور دہلی کی ٹیموں کو گلمرگ کے ہوٹلوں میں جگہ فراہم ہوئی،جبکہ لداخ، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، کرناٹکہ ، راجستھان، بہار اور آندھرا پریش کی ٹیموں کو رہائش کیلئے سرینگر آنا پڑرہا ہے۔ سرمائی کھیلوں کی ایسو سی ایشن برائے جموں کشمیر کا کہنا ہے کہ سب جونیئر کھیلوں کا انعقاد کنڈوری گلمرگ میں شروع ہوا،اور ان کھیلوں میں شامل کھلاڑیوں کیلئے گلمرگ میں رہائشی انتظام متعلقہ حکام و افسراں کیلئے درد سر بن گیا ہے۔ گلمرگ اور ٹنگمرگ میں ہوٹلوں میں پیشگی بکنگ کرائی گئی ہے۔ رواں ماہ کے آخری ہفتے میں سرمائی کھیلوں کاآل انڈیا انعقاد بھی گلمرگ میں ہی کرنا ہے تاہم ہوٹلوں کی بکنگ کے نتیجے میں ان کھیلوں کے انعقاد پر مشکل صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ ان کھیلوں کیلئے ہوٹلوں کی بکنگ اگرچہ کرائی گئی تھی تاہم بعد میں کھیلوں کی تاریخ میں تبدیلی کے نتیجے میں وہ پیشگی بکنگ منسوخ ہوئیں۔ ہوٹلرس کلب کے سربراہ مشتاق احمد چایہ نے کہا کہ گلمرگ میں ہوٹلوں کی پیشگی بکنگ آن لائن طریقہ کار سے کرائی گئی۔چایہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بار بار تاریخ بدلنے کے نتیجے میں گلمرگ کے ہوٹلوں میں کھیلوں میں شامل کھلاڑیوں کو جگہ نہیں مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گلمرگ مین مجموعی طور پر کمروں کی تعداد1463ہیں اور وسطاً مارچ تک بیشتر کمروں کی بکنگ پیشگی میں ہی کرائی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا’’2برسوں کے بعد سیلانیوں کی ریکارڈ آمد کے نتیجے میں ہوٹل مصروف ہیں اور انہیں امید ہے کہ آئندہ2ماہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا‘‘۔ چایہ نے سیاحوں کی بڑی تعداد میں آنے کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس صنعت کو گزشتہ2برسوں کے دوران کافی دھچکہ لگ گیا اور اب گزشتہ40روز سے اس کی جان میں جان آرہی ہے۔ چایہ نے بتایا کہ انہوں نے حکام کو مشورہ دیا ہے کہ جونیئر قومی کھیلوں کی مدت میں اضافہ کیا جائے،تاکہ انہیں گلمرگ میں ہی جگہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ وادی بھر میں اس وقت سیاحتی صنعت کی صورتحال اچھی ہے اور انہیں امید نہیں تھی کہ اچانک’’ بادل پھٹے گے‘‘ اور اس قدر سیاحوں کی آمد ہوگی۔ پہلگام اور سونہ مرگ کے علاوہ سرینگر میں جھیل ڈل اور دیگر سیاحتی مقامات دیکھنے کیلئے سیلانیوں کی اچھی خاصی تعداد اس موقت موجود ہے۔ادھر گلمرگ کے برف پوش پہاڑوں میں بالی ووڈ کے ستاروں کی موجودگی میں جامع ثقافتی تقریب بھی منعقد ہوئی۔جس میں بالی ووڈ اداکار ارباز خان ، سدھارتھ رائے کپور اور اداکارہ ودھیا بالن کے ہمراہ میج ڈگر ڈویژن کے میجر جنرل وریندر واٹس نے گلمرگ میں ترنگا کی سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر حاضری دی۔ اس پروگرام کا اہتمام فوج اورمحکمہ سیاحت نے مقامی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کے لئے کیا تھا۔ دو دن تک جاری رہنے والا پروگرام مہم جوئی سے بھر پور تھا۔ ناظم سیاحت ڈائریکٹر جی این ایتو نے پہلی ہی کہا ہے کہ سیلانیوں کی وادی کی جانب متوجہ کرنے کیلئے بیرون ریاستوں میں آگاہی مہم شروع کی جائے گی،اور رورڑشوز کئے جائیں گے۔
سرمائی میلے میں بالی ووڈ کی مشہور شخصیات نے بھی حصہ لیا
فیاض بخاری
گلمرگ // گلمرگ میں دو روزہ سرمائی میلہ میں شریک بالی ووڈ کی مشہور شخصیات و اداکاروں نے چار چاند لگائے،جبکہ بالی ووڈ اداکاروں کا کہنا ہے کہ فلمی عملہ وادی میں ایک زبردست واپسی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی کے عوام محبت اور گرم جوشی سے بھرے ہوئے ہیں۔ گلمرگ میں فوج کے زیر اہتمام دو روزہ سرمائی میلہ کا اہتمام ہوا جس میں کشمیر کے نامور فنکاروں کی ثقافتی کارکردگی کے علاوہ اسکیئنگ ،سنو موبائل ، اے ٹی وی ریس اور اسنو سائیکلنگ کھیلوں کا انعقاد کیا گیا ۔ فلی اداکاروں ودیابالن کے ہمراہ ارباز خان سمیت بالی ووڈ اسٹارز نے فوج کی کاوشوں کی سراہنا کی۔ اس موقع پر جی او سی ڈگر ڈویژن وریندر واٹس نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا اہتمام مقامی فنکاروں کی صلاحیتوں کو اْجاگر کرنا تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر میں سیاحتی صنعت کو بھی مدد ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دو روزہ تقریب میں مہم جوئی کھیلوں ، موسیقی اور کشمیری دستکاری کو فروغ دینا بھی شامل تھا۔ اس موقع پر کشمیر کے دورے پر آئے ہوئے مشہور فلم سا زارباز خان ، ودیا بالن ، اور سدھارتھ رائے کپور بھی موجود تھے۔ ارباز خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہندوستانی فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کشمیر آنا میرے لئے ایک اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا کشمیر کا پہلا دورہ تھا کیونکہ وہ پہلے اس مقام پر نہیں آیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے انتہائی بدقسمتی محسوس ہورہی ہے کہ میں نے اس جگہ کا دورہ نہیں کیا۔ کشمیر میں بالی ووڈ کی واپسی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ، ’’بالی ووڈ کی بہت سی فلموں کی شوٹنگ یہاں حال ہی میں ہوئی ہے اور یہاں ایک زبردست ماحول کے ساتھ مزید لوگ آئیں گے‘‘۔انہوں نے بتایا فوج کی وجہ سے یہاں ہر چیز بہت محفوظ ہے۔ اداکارہ ودیا بالن نے اپنی یادوں کو تازہ کیا اور کہا کہ ان کے والدین کشمیر آئے تھے۔ انہوں نے کہا ’’میں نے دنیا کے تقریبا تمام جگہوں کا سفر کیا ہے لیکن کبھی بھی کشمیر جیسی خوبصورت جگہ نہیں دیکھی۔‘‘سدھارتھ رائے کپور نے کہا کہ فوج اور کشمیر کی مہمان نوازی ناقابل یقین رہی ہے اور بالی ووڈ یقینی طور پر شوٹنگ کیلئے کشمیر آجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارا ارادہ ہے کہ اب ہم یہاں آکر فلمی عملے کو ضرور لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کو فلم انڈسٹری میں اسی طرح واپس لائیں گے جس طرح 1960 کی دہائی میں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر یوںمیں زبردست صلاحیت ہے اور بالی ووڈ کے ایک وفد نے حال ہی میں وادی کا دورہ کیا۔
سینکڑوں سیاح سونہ مرگ جانے کیلئے بیتاب | گگن گیر اہم پڑائو بن گیا، خوبصورتی سے لطف اندوز
غلام نبی رینہ
کنگن//وادی کشمیر میں حالیہ برف باری کے بعد دن میں موسم خوشگوار ہونے کے بعد سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد مزید بڑھ گئی ہے۔گگن گیر گنڈ میں ان دنوں سیاحوں کی چہل پہل سے سیاحتی شعبہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے چہروں پر دوبارہ مسکراہٹ لوٹ آئی ہے اگرچہ 5اگست2019 اور کورونا وائرس کے بعد وادی کشمیر میں سیاحوں کی آمدورفت بند ہوگئی تھی لیکن 2021 کے آغاز کے ساتھ ہی کشمیر میں برف باری ہونے کے ساتھ ہی کشمیر کے سیاحتی مقامات کی طرف سیاحوں کی آمد آہستہ آہستہ بحال ہوگئی اور ان دنوں گلمرگ، پہلگام گگن گیر میں سیاح برفیلی پہاڑوںسے لطف اندوز ہورہے ہیں ۔ کئی سیاحوں نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پہلی مرتبہ کشمیر کی سیرو تفریح کے لئے آئے ہیں اور کشمیر کے لوگوں کی مہمان نوازی سے کافی متاثر ہوئے ہیں۔ گجرات کے تحسین حیدر نے بتایا کہ یہاں کے لوگ ایسے ایماندار ہیں کہ اگر کسی سیاح کا قلم گرے تو واپس کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل میڈیا میں کشمیر کے بارے میں جو کچھ منفی پروپگنڈا کیا جاتا رہا ہے، زمینی سطح پر اسکے بالکل برعکس ہے۔ سیاحتی شعبہ سے تعلق رکھنے والے ریاض احمد شیخ نامی نوجوان نے بتایا کہ وہ پیشے سے ڈرائیور تھا لیکن 5اگست اور کورونا وائرس کے بعد ٹرانسپورٹ شعبہ بری طرح متاثر ہوگیا، لہٰذا اس نیچائے فروخت کرنا کا کام شروع کیا تاکہ اہل خانہ کا پیٹ پالا جاسکے۔ مقامی نوجوانوں اور سیاحتی شعبے کے جڑے دیگر لوگوں کا کہنا ہے کہ برفباری کے بعد سیاحتی مقام سونہ مرگ آمدورفت کے لئے بند کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے یہاں کے سیاحتی شعبہ سے تعلق رکھنے والے لوگ بیروزگار ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ سیاحت کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گلمرگ اورپہلگام کی طرح سونہ مرگ کو بھی مزید جانب نظر بنایا جائے تاکہ یہاں زیادہ سے زیادہ سیاح سیرو تفریح کے لئے آسکیں۔ ہوٹلرس کلب کے صدر مشتاق احمد چایہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 5اگست کے بعد یہاں کا سیاحتی شعبہ بری طرح سے متاثر ہوا اور ہزاروں لوگ روز گار سے محروم ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ اب امید سے کہ اس سال زیادہ سے زیادہ سیاح کشمیر آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ سیاحت کو چاہیے کہ سونہ مرگ کی طرف بھی زیادہ سے زیادہ توجہ دے۔ انکا کہنا تھا کہ زیڈ موڑ ٹنل تعمیرہونے سے سونہ مرگ سال بھر کیلئے آمد و رفت کیلئے بن سکے گی۔