دبئی//یو این آئی//ہندوستان کے باصلاحیت اوپنر شبھمن گل کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مہینے کا بہترین مرد کھلاڑی قرار دیا ہے ۔ آئی سی سی نے پیر کو اس کا اعلان کیا۔خواتین کرکٹرز میں جنوری کے مہینے کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ انگلینڈ کے گریس سروینز کو ملا۔گل نے اپنے ہم وطن محمد سراج اور نیوزی لینڈ کے اوپنر ڈیون کونوے کو شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ گل کو یہ ایوارڈ میڈیا کے منتخب نمائندوں، آئی سی سی ہال آف فیمرز، سابق کھلاڑیوں اور شائقین کی ووٹنگ کی بنیاد پر دیا گیا ہے ۔ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد گل نے کہاکہ “میں آئی سی سی کی طرف سے ماہ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے پر بہت پرجوش ہوں۔ جنوری میرے لیے خاص مہینہ تھا اور یہ ایوارڈ ملنا اسے مزید یادگار بنا دیتا ہے ۔ میری کامیابی کا سہرا میری ٹیم کے ساتھیوں اور کوچز کو جاتا ہے جنہوں نے بطور کھلاڑی ہمیشہ میرا ساتھ دیا۔ میں اپنے ساتھ نامزد کھلاڑیوں کو بھی ان کی کارکردگی پر مبارکباد دیتا ہوں۔’’گل نے جنوری میں مجموعی طور پر چار سنچریاں اسکور کیں جن میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میں ڈبل سنچری بھی شامل تھی۔ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کا اختتام 116 کی سنچری کے ساتھ کرنے والے گل نے کیویز کے خلاف پہلے ہی ون ڈے میں بولنگ کو تباہ کر دیا تھا، انہوں نے 149 گیندوں پر 19 چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے 208 رنز بنائے ۔ دوسرے ون ڈے میں ناٹ آؤٹ 40 رنز جوڑنے کے بعد انہوں نے تیسرے ون ڈے میں بھی 112 رنز کی سنچری اسکور کی۔