طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد سکولوں میں پہنچی،اساتذہ کا والہانہ خیرمقدم
اشتیاق ملک
ڈوڈہ//جموں کے سرمائی زون میں 23روزہ گرمائی تعطیلات کے اختتام کے بعد پیر کے روز تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے باقاعدہ طور پر دوبارہ کھل گئے، جس کے ساتھ ہی تدریسی سرگرمیاں بھی بحال ہو گئیں۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر حکومت نے رواں ماہ 4 جولائی سے 19 جولائی تک 15روزہ گرمائی تعطیلات کا اعلان کیا تھا، تاہم خطے میں مسلسل بارشوں، خراب موسمی حالات اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر تعطیلات میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کر دی گئی تھی، جس کے باعث مجموعی طور پر تعطیلات 23روز تک جاری رہیں۔پیر کی صبح سکول کھلتے ہی طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں پہنچی جبکہ اساتذہ نے بھی معمول کے مطابق تدریسی فرائض انجام دیے۔سکولوں میں دوبارہ رونقیں بحال ہونے سے تعلیمی ماحول خوشگوار نظر آیا۔ادھر پیر کے روز موسم بھی خوشگوار رہا۔دن بھر مطلع صاف رہا اور دھوپ نکلنے کے باعث طلبہ، والدین اور اساتذہ نے راحت کا سانس لیا۔تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے پر والدین نے امید ظاہر کی کہ اب تعلیمی سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گا۔