عظمیٰ نیوز سروس
وڈودر//گجرات کے وڈودرا میں بدھ کی صبح ایک دردناک سڑک حادثہ میں 10 لوگوں کی جان چلی گئی ۔شہر کے کوٹمبی اسٹیڈیم کے قریب ایک لگژری پرائیویٹ بس اور ٹرک کے درمیان ہونے والی ٹکر میں 10 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 25 سے زائد مسافر زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ اس حادثہ کی خبر ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہو گئی۔ زخمیوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ وڈودرا-ہلول ہائی وے پر واقع کوٹمبی گاؤں کے قریب صبح 4:00 بجے کے قریب پیش آیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے وڈودرا کے سایاجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔وڈودرا ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سشیل اگروال نے بتایا کہ لگژری بس ٹرک کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔ادھراتر پردیش کے ضلع بدایوں کے اجھانی کوتوالی علاقے میں بریلی-متھرا شاہراہ پر بدھ کی دوپہر پیش آنے والے ایک ہولناک سڑک حادثے میں چھ خواتین جاں بحق جبکہ ای رکشہ ڈرائیور سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ تمام خواتین ایک رشتہ دار کے یہاں بھات مانگنے جا رہی تھیں۔پولیس کے مطابق اُجھانی علاقے کے گاؤں مراون نگلہ کے رہائشی ڈال چند موریہ کے بیٹے کنور پال کی شادی 29 جون کو طے ہے۔ ای رکشہ ڈرائیور سمیت تین افراد زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج جاری ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور راحت و بچاؤ کا کام شروع کیا۔ ضلع مجسٹریٹ اونیش رائے اور سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ انکیتا شرما نے بھی جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور زخمیوں کے مناسب علاج کی ہدایت دی۔