راجوری // راجوری کے علاقے اگراتی چکلی کے گائوں میں رہنے والے افراد نے بدھ کے روز جموں پونچھ قومی شاہراہ کو تقریبا دو گھنٹوں تک بند رکھا اور گاؤں کے کچھ لوگوں پر جانور تسکروں کی طرف سے کیے گئے حملے کی مذمت کی اور ساتھ ہی حملے میں ملوث تمام افراد کی گرفتاری کا مطالبہ بھی رکھا۔ مظاہرین نے محکمہ پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کچھ پرانے ٹائروں کو نذر آتش بھی کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ دو دن قبل ایک ٹاٹا موبائل جس میں جانور تسکری کر کے لے جائے جا رہے تھے اور یہ گاڑی چکلی کے نزدیک حادثے کا شکار ہوئی جس کے بعد کچھ دیہاتیوں نے گاڑی میں سفر کرنے والے لوگوں کو بچایا اور بعد میں پولیس کو جانوروں کی سمگلنگ پر سے آگاہ کیا۔تسکری میں ملوث افراد نے گاؤں کے لوگوں پر ہی حملہ کر دیا جسکے بعد گاؤں والوں نے پولیس چوکی میں معاملہ درج کروایا لیکن ابھی تک پولیس تمام افراد کو حراست میں لینے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک پولیس اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے واقعہ کے دن ملزم کو بچانے اور جرم کی جگہ سے فرار ہونے میں مدد فراہم کی۔ بعد ازاں اسٹیشن ہاؤس آفیسر راجوری سمیر جیلانی اور چتیار چنگس پولیس چوکی انچارج آشیش چودھری موقع پر پہنچ گئے اور جلد ہی دیگر تمام ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کراتے ہوئے احتجاج کو پرسکون کیا۔ پولیس کی یقین دہانی پراحتجاج کرنے والے دیہاتیوں نے احتجاج ختم کر دیا۔