گاندربل// چیف جسٹس جموں کشمیر ہائی کورٹ کی ہدایت پر ضلع گاندربل کے تمام افسران کا اجلاس پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گاندربل شازیہ تبسم کی صدارت میں ضلع عدالت میں منعقد ہوا۔ میٹنگ کا اہتمام ام کلثوم چیف جوڈیشل مجسٹریٹ گاندربل نے کیاتھا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گاندربل،ایس ایس پی گاندربل ، سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل سرینگر اور ضلعی انتظامیہ سے وابستہ دیگر افسران نے شرکت کی۔ سکریٹری ضلع لیگل سروس اتھارٹی گاندربل تبسم نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس منعقد کرنے کا مقصد ملزمان کو بروقت انصاف فراہم کرنے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ضلع گاندربل میں بنیادی ڈھانچے اور دیگر مسائل پر بھی تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ وارنٹ کے بروقت نفاذ ، تحقیقاتی ایجنسیوں کی جانب سے مقدمات کی مناسب تفتیش پر زور دیا گیا۔اس موقع پر چیف جوڈیشل مجسٹریٹ گاندربل نے جووینائل جسٹس بورڈ اور دیگر متعلقہ امور کی تبدیلی کا مطالبہ پیش کیا۔