کپوارہ// سلکوٹ کپوارہ میں ایک کمسن بچہ تالاب میں گر کر غرقآب ہو گیا ۔ کپوارہ قصبہ سے 2کلو میٹر دور سلکوٹ علاقہ میں ایک چھ سالہ کمسن بچہ موسیٰ قیوم اپنے ساتھیوں کے ساتھ منگل کی شام گرلز ڈگری کالج کپوارہ کے نزدیک کھیل رہا تھا کہ اس دوران وہ کالج کے احاطہ میں ایک تالاب میں گر گیا ۔شام دیر گئے جب وہ گھر نہیں لو ٹا، تو اس کے والدین نے اُس کی تلاش شروع کی تاہم دو گھنٹہ تک کمسن کے بارے میں کوئی اتہ پتہ نہیں ملا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے جو بچے موسیٰ کے ساتھ کالج کے احاطہ میں کھیل رہے تھے ،انہو ں نے بعد میں کہا کہ موسیٰ کالج کے احاطہ میں بنائے گئے تالاب میں گر گیا جس کے بعد مقامی لوگ وہا ں پہنچ گئے اور موسیٰ کی تلاش شروع کی اور کافی دیر کے بعد کمسن موسیٰ کی نعش کو سر سے نکالا تاہم وہ پہلے ہی دم تو ڑ بیٹھا تھا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ سلکوٹ میں قائم گرلز ڈگری کالج کے لئے نئی عمارتو ں کا کام جاری ہے اور وہا ں پر پانی جمع کرنے کے لئے تالاب بنائے گئے ۔مقامی لوگو ں نے اس بات کو لیکر سخت ناراضگی کا اظہار کیا کہ مزکورہ کالج کی نئی عمارتو ں پر ایک سال سے کام رکا پڑا ہے اور جو تالاب پانی جمع کرنے کے لئے بنائے گئے ہیں ان کو آج تک بند نہیں کیا گیا جبکہ کالج کی چار دیواری بھی ابھی تک تعمیر نہیں کی گئی جس کے نتیجے میں سلکوٹ علاقہ میں بچے کالج کے احاطہ کے نزدیک کھیل رہے ہیں اور اکثر اوقات حادثات کا خطرہ لا حق رہتا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ اگر کالج کی چار دیواری ہوتی تو آج یہ حادثہ رونما نہیں ہوتا ہے ۔مقامی لوگو ں کا مزید کہنا ہے کہ جس ایجنسی کو گرلز ڈگری کالج کی تعمیر کا کام سونپا گیا ہے اس کی لاپرواہی سے ایسے حادثات رونما ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ کالج کی زیر رتعمیر عمارتوں کے ارد گرد دیوار بندی نہیں ہے اور کالج احاطہ میں چند سر بنائے گئے ہیں اور اسی وجہ سے آج معصوم موسیٰ موت کا شکار بن گیا ۔مقامی لوگو ں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گرلز ڈگری کالیج سلکوٹ کپوارہ زیر تعمیر عمارت کی دیوار بندی کو کھلے سر کی طرف اپنی توجہ دیں تاکہ آئندہ ایسا حادثہ پیش نہ آئیں ۔