اشرف چراغ
کپوارہ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کپواڑہ نے ضلع بھر میں مختلف مقامات پر ٹریکنگ پروگرام منعقد کیے، جس میں 14اور 17سال سے کم عمر کی طالبات کی بڑی تعداد نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر کپواڑہ آیوشی سودھن نے کپواڑہ زون کے مانز ہر ہایہامہ میں ڈی ڈی سی ممبر ہایہامہ حاجی ثناء اللہ خان اور ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر ظہور احمد وانی کی موجودگی میں گرلز ٹریکنگ گروپس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے مختلف زونز میں ٹریکنگ پروگرام کے انعقاد پر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی تعریف کی۔ انہوں نے کھیلوں کی سرگرمیوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جسمانی ورزش ہر شخص کی اچھی صحت کے لیے اہم ہے۔ ٹریکنگ پروگرام ضلع کے 4 زونوں بشمول کپواڑہ، خمریال، سوگام اور درگمولہ زونز میں منعقد ہوئے۔خمریال میں ٹریکنگ پروگرام کا افتتاح وائس چیئرمین ڈی ڈی سی حاجی فاروق احمد میر نے کیا۔ڈی ڈی سی ممبر ناصر لون نے سوگام میں ٹریکنگ پروگرام کو جھنڈی دکھا کر اور ڈی ڈی سی ممبر ایڈووکیٹ آمنہ مجید نے درگمولہ میں ٹریکنگ پروگرام کو جھنڈی دکھائی۔ دریں اثناء1355طالبات نے ضلع میں شناخت شدہ مقامات پر منعقدہ ٹریکنگ پروگراموں میں حصہ لیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 12 جولائی کو شروع ہونے والے ٹریکنگ پروگراموں میں 5729طلبا نے حصہ لیا۔