جموں//سابقہ نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر کوئیندر گپتا نے حلقہ گاندھی نگر میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا،انکے ہمراہ جے ایم سی کے چیرمین ہیلتھ و سینیٹیشن کمیٹی بلدیو بلاوریہ، ونے گپتا، رنجیت سنگھ ،جیوتی، ملکھ راج، اوتم ایس چب، سرجیت، راکیش، ایل این بھٹ، ودیگران کے علاوہ مقامی لوگوں کی ایک تعداد اور بی جے پی مقامی یونٹ کے کارکناں بھی تھے۔انہوں نے سیکٹر 1سے5تک گلیوں میں میکڈم بچانے کے کام کا افتتاح کیا ،جس پر 1.5 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے۔اس موقعہ پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وعدے کے مطابق مکینوں کے عرصہ دراز سے التوا میں پڑے کاموں کو پورا کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست خصوصاً حلقہ گاندھی نگر میں گذشتہ چار برسوں میں حقیقی ترقی کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا نعرہ ’’سب کا ساتھ ،سب کا وکاس ‘‘ہے اور پارٹی اسے کامیاب کرنے کیلئے ہر ممکنہ کام کر رہی ہے۔تاہم ، انہوں نے کہا کہ یہ ہر ایک کی ذمہ واری ہے کہ اس میں اپنا کردار نبھائے، تاکہ ہم اپنے گرد ونواح کو صاف و پاک رکھیں۔انہوں نے متعلقہ حکام سے اہم پروجیکٹوں پر ہو رہی کام میں سرعت لانے پر زور دیا، تاکہ انہیں بر وقت تکمیل دیا جا سکے۔جے ایم سی کے چیرمین ہیلتھ و سینیٹیشن کمیٹی بلدیو بلاوریہ نے اپنے خطاب میںسابقہ نائب وزیر اعلیٰ کوئیندرگپتا کا گنگیال کیلئے متعدد پروجیکٹ حاصل کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا ۔