کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں محکمہ جل شکتی کی جانب سے چلائی جارہی کئی سکیمیں بند ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے اکثر دیہات میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔کوٹرنکہ سب ڈویژن پانی کے قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن اس کے باوجود بھی عام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سب ڈویژن کی کئی پنچایتوں میں پینے کا صاف پانی سپلائی کرنے کیلئے واٹر سپلائی سکیمیں شروع کی گئی تھی تاہم محکمہ کے ملازمین کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے کئی واٹر سپلائی سکیمیں گزشتہ کئی عرصہ سے بند پڑی ہوئی ہیں جبکہ مقامی لوگوں کو پینے کیلئے صاف پانی کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے لانا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن کی پنچایت اپر جمولہ ،جمو لہ لوہر ،کھا ہ نمبر ایک اور نمبر دو ،سواڑی ،کوٹ سواڑی ،بگیالہ کوٹ ودیگر کئی پنچایتوں میں اس وقت پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ علاقہ میں پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے 2010میں ایک واٹر سپلائی سکیم کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا لیکن کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی عوام کو پانی کی سپلائی فراہم نہیں کی جاسکی ۔اسی طرح 2017-18میں عوام کو پانی سپلائی کرنے کیلئے پنچایت حلقہ اپر جمولہ میں ایک ٹینک تعمیر کیا گیا تھا لیکن کچھ ہی عرصہ میں مذکورہ ٹینک کھنڈات میں تبدیل ہو گیا ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیموں کا معائینہ کر کے عوام کو پینے کا صاف پانی سپلائی کرنے کا بندوبست کیا جائے ۔