شملہ// وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت ہر روز 1کروڑ 25لاکھ افراد کو کورونا مخالف ویکسین دے رہا ہے جو کئی ممالک کی پوری آبادی سے زیادہ ہے۔ ہماچل پردیش ریاست میں کورونا مخالف ٹیکہ کاری کے اہل تمام لوگوں کو پہلاڈوز دینے کے موقع پر منعقد کی گئی تقریب سے ورچول کانفرنس کے ذریعے خطاب کے دوران مودی نے کہا کہ ملک میں ابتک 70کروڑ لوگوں کو کورونا مخالف ویکسین دی جاچکی ہے۔ مودی نے کہا کہ ہمیں ’’دوائی بھی،کڑائی بھی‘‘کے اصول کو نہیں بھولنا چاہئے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت میں روزانہ 1کروڑ 25لاکھ لوگوں کو کورونا مخالف ویکسین دیا جارہا ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ایک دن کے اندر ویکسین لگانے والے افراد کی تعداد کئی ملکوں کی پوری آبادی کے برابر ہے‘‘۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہماچل پردیش کئی دشواریوں کے بائوجود بھی تمام اہل لوگوں کو ویکسین کا پہلا ڈوز دینے میں اول رہا ہے جبکہ یہاں 30فیصد شہریوں کو ویکسین کا دوسرا ڈوز بھی دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکم، دادراور ناگر حویلی نے بھی یہ نشانہ پورہ کرلیا ہے جبکہ دیگر ریاستیں اس نشانہ کو جلدی پورا کرلیں گی۔ مودی نے کویڈ ہیروز، جن میں ڈاکٹرز، نیم طبی عملہ، آشا اور آنگن واڈی ورکرز اور اساتذہ شامل ہیں، کی انتھک محنت کی بھی سراہانہ کی ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکہ کاری مہم کی کامیابی میں عوامی شمولیت اورعام لوگوں کے ساتھ بات چیت کا اہم رول ہے۔
ملک میں مجموعی تعداد 3کروڑ 30لاکھ
ہلاکتیں 4لاکھ 5 ہزار سے متجاوز
یو این آئی
نئی دہلی // ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جان لیوا اور ہلاکت خیز کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد نئے کیسز سے زیادہ تھی اور اس دوران 44 ہزار لوگوں نے اس وبا کو شکست دی۔اتوار کو ملک میں 25 لاکھ 23 ہزار 89 افراد کو کورونا کی ویکسین دی گئی۔ اب تک 68 کروڑ 75 لاکھ 41 ہزار 768 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے۔پیر کی صبح مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 38،948 نئے کیسز کی رپورٹ کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد 3 کروڑ 30 لاکھ 86 ہزار 621 ہو گئی ہے۔ اس دوران 43 ہزار 903 مریضوں کی صحت یابی کے بعد اس وبا کو شکست دینے والے افراد کی کل تعداد تین کروڑ 21 لاکھ 82 ہزار ہو گئی ہے۔اسی عرصے میں ایکٹیو کیسز5174 سے گھٹ کر 4 لاکھ 4 ہزار 874 ہو گئے ہیں۔ اسی عرصے میں 308 مریضوں کی موت کی وجہ سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد بڑھ کر 4،05،989 ہوگئی ہے۔