سرینگر//کورونا مخالف ٹیکہ کاری کے دوسرے مرحلے کے تحت جمعرات کو 3لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکروں کو ٹیکہ لگانے کی مہم کا افتتاح کیا گیا ۔ مہم کا آغاز پولیس کنٹرول روم بٹہ مالو میں آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے رضاکارانہ طور پر پہلا ویکسین کراکے کیا جبکہ بعد میںایس ایس پی سیکورٹی امتیا زاسمائیل ،ایس ایس پی سرینگرڈاکٹر حسیب مغل اوردوسرے پولیس افسروں کوکورونامخالف ٹیکہ لگائے گئے۔کورونامخالف ٹیکہ لگوانے کے بعدآئی جی پی کشمیروجے کمار نے کہاکہ ٹیکہ کاری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے تمام افسران اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ کورونا مخالف ٹیکہ لگائیں۔ عالمی وباء کے دوران پولیس اہلکاروں کے رول کوسراہاتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ ویکسین روز مرہ کا کام بحال کرنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے یہ سہولیات فراہم کی ہے۔ اسی طرح گاندربل ، پلوامہ، بڈگام ، پلوامہ ، بارہمولہ ، کپواڑہ ، بانڈی پورہ وغیرہ میں بھی ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا گیا ۔ادھر جواہر لال نہرو میموری اسپتال رعناواری میں بھی کورونا مخالف ٹیکہ کاری کا افتتاح ائے ڈی سی سرینگر کو ویکسین دے کر کیا گیا جبکہ اسپتال میں ڈی سی آفس سرینگر کے 25 جبکہ ہیلتھ ورکروں کو ویکسین دئے گئے۔ اُدھر معلوم ہواکہ کورونامخالف ٹیکہ کاری کے دوسرے مرحلے کے تحت فوج ،فورسزاوردیگرسیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے بھی مہم شروع کی گئی ،اورمختلف مقامات پر فوج ودیگرسیکورٹی ایجنسیوںکی جانب سے ٹیکے لگانے کاکیمپ منعقدکئے گئے ۔خیال رہے کورونامخالف ٹیکہ کاری کے دوسرے مرحلے کے دوران میونسپل اداروں اورمحکمہ مال کے افسروں اورملازمین کوبھی ٹیکے لگائے جائیں گے ۔
مزید 60متاثر، کشمیر میں 2فوت
پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 21ہزار 68ٹیسٹ کئے گئے جن میں 60افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں اور اسطرح متاثرین کی مجموعی تعداد 124719ہوگئی ہے۔ ان میں 72ہزار 112کشمیر جبکہ 51ہزار 607جموں صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اسی دوران کشمیر میں مزید 2افراد کورونا وائرس سے فوت ہوگئے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 1943ہوگئی ہے جن میں 1221کشمیر جبکہ 722جموں میں فوت ہوئے ہیں۔تازہ 60نئے معاملات میں 18جموں جبکہ 42کشمیر میں متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر کے 42معاملات میں 22ضلع سرینگر، 3ضلع بارہمولہ، 3بڈگام، 4پلوامہ، 0کپوارہ، 5اننت ناگ، 0بڈگام، 4گاندربل،0شوپیان اور 1کولگام سے تعلق رکھتا ہے۔ جموں صوبے کے 18متاثرین میں 8جموں، 1پونچھ، 2رام بن اور 7ریاسی سے تعلق رکھتے ہیں۔
2مزید فوت
کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 2افراد فوت ہوگئے ہیں جبکہ جموں صوبے میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران وائرس سے کوئی بھی شخص فوت نہیں ہوا ہے۔ کشمیر میں فوت ہونے والے 2افراد میں ایک کا تعلق شوپیان جبکہ ایک سرحدی ضلع کپوارہ سے تعلق رکھتا ہے۔ شوپیان میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا’’ زینہ پورہ شوپیان سے تعلق رکھنے والی 65سالہ خاتون کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے جی ایم سی اننت ناگ میں فوت ہوگئی ہے‘‘۔سرحدی ضلع کپوارہ میں تعینات ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ گھشی پورہ سے تعلق رکھنے والا ایک 75سالہ معمر شخص کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے سکمز صورہ میں فوت ہوگیا ہے‘‘۔سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ مذکورہ شخص کو چند دن قبل اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ فوت ہوگیا ہے۔
حکومتی بیان
سرکاری بلیٹن میںبتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے1,24,659معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے669سرگرم معاملات ہیں ۔ اَب تک1,22,049اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔