بارہمولہ //بارہمولہ میں غیر سرکاری تنظیم ہیومن ایڈ سوسائٹی کشمیرنے دیگر رضاکار تنظیموں کے اشتراک سے بارہمولہ میں کورونا وائرس کی روکتھام میںکارکردگی دکھانے والے رضاکاروں، سرکاری افسروں اور ڈاکٹروں کو اعزازات سے نوازا۔اس سلسلے میں شیروانی ہال بارہمولہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں ضلع ترقیاتی کمشنر بھوپندر کمار مہمان خصوصی تھے جبکہ ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمد مہمان ذی وقار کی حیثیت سے شامل رہے۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ کووڈ 19کی روکتھام میں رضاکاروں کا کام اور کوششوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے کیونکہ انہوں نے عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے بہت کام کیا۔ انہوں نے مختلف اسٹیک ہولڈروں سے اپیل کی کہ وہ اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ وائرس کا مکمل خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے تمام مطلوبہ حفاظتی اقدامات اور ہدایات پر عمل کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے ویکسنیشن مہم میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی تلقین کی۔ ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمد نے ہیومن ایڈ سوسائٹی کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ اس طرح کی تنظیموں نے مشکل حالات کے دوران اہم کردار ادا کیا ۔ انہوں نے رضاکار تنظیموں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان کے کام کا دائرہ وسیع کیا جاسکے۔دریں اثنا ، ہیومن ایڈ سوسائٹی کے چیئرمین بشیر احمد میر نے اپنی تنظیم سے وابستہ کئی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے شروع کی گئی تمام سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔