نئی دہلی/کورونا وبا کے قہرکے درمیان وزیراعظم نریندرمودی نے آج ڈاکٹروں کے ساتھ حالات سے نمٹنے کے بارے میں بات کی اورکہا کہ تمام صحت کارکنان پوری طاقت کے ساتھ وباکا مقابلہ کررہے ہیں اورلاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچارہے ہیں۔وزیراعظم نے پیرکو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ملک کے مختلف حصوں میں کام کررہے ڈاکٹروں کے ساتھ بات کی اورکورونا وبا سے پیدا صورت حال اورٹیکہ کاری کے عمل کے بارے میں بات چیت کی۔ انہوں نے ملک کی خدمت میں لگے ڈاکٹروں، طبی اورنیم طبی کارکنان کی تعریف کی انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس اس وقت ہمارے ڈاکٹروں کے ان تھک محنت اورملک کی حکمت عملی سے ہم نے کورونا وائرس پرقابو پایاتھا۔ اب ملک کورونا وبا کی دوسری لہر کاسامنا کررہا ہے اور تمام ڈاکٹر اور طبی عملے آگے بڑھ کر پوری قوت سے لوگوں کی جان بچانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے حال ہی میں ضروری ادویات، انجکشنوں اورآکسیجن کی فراہمی کے بارے میں کئی اہم فیصلے کئے ہیں۔ ریاستی حکومتوں کو بھی اس بارے میں ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس لڑائی میں ٹیکہ کاری سب سے بڑاہتھیارہے اورڈاکٹروں کو زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکہ لینے کے لئے حوصلہ افزائی کرنی چاہیے ۔ساتھ ہی ڈاکٹروں کو کورونا کے علاج سے متعلق افواہوں کے بارے میں بھی سماج کو بیدارکرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ لوگ افراتفری سے بچیں اسکے لئے مریضوں کو صحیح مشورہ دیا جانا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو دیگر امراض سے متاثر لوگوں کو بھی ٹیلی میڈیسن سے صلاح دینی چاہیے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ وبا ٹیئر2 اورٹیئر 3 کیٹگری کے شہروں میں بھی تیزی سے پھیل رہی ہے اوراب شہروں میں وسائل کو بڑھائے جانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو ان شہروں کے ڈاکٹروں کو بھی آن لائن صلاح دینی چاہیے ۔ ڈاکٹروں نے بھی اس موقع پر اپنی جانب سے صورت حال سے متعلق تجاویز دیں اورعلاج وصحت کے بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں وزیرصحت اورمختلف وزارتوں کے سینئرافسران نے بھی حصہ لیا۔(یواین آئی)