محتشم احتشام
پونچھ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام زون کنوئیاں سطح کے بین المدارس کھیل مقابلوں کا گورنمنٹ مڈل اسکول منگناڑ میں شاندار آغاز ہوا۔ یہ مقابلے محکمہ کے سرگرمی کیلنڈر 2026-27 کے تحت منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں انڈر 14 اور انڈر 17 بوائز و گرلز کے لیے کھو کھو اور والی بال کے مقابلے شامل ہیں۔یہ کھیل مقابلے ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس جموں و کشمیرانو رادھا گپتاکی ہدایات اور ضلع یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر پونچھ محمد قاسم کی نگرانی میں منعقد کیے جا رہے ہیں، جبکہ انچارج زونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر کنوئیاں کلدیپ کمارنے مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے لیے خصوصی انتظامات کیے۔مقابلوں کے پہلے روز طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
مجموعی طور پر 427 طلبہ شریک ہوئے جن میں 140 لڑکے اور 287 لڑکیاں شامل ہیں۔ کھیلوں میں طالبات کی نمایاں شرکت نے علاقے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل میں جسمانی سرگرمیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کو واضح کیا۔افتتاحی تقریب کے دوران مقررین نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بنانے کا ذریعہ ہیں بلکہ نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، اعتماد اور مثبت سوچ کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بھرپور حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں۔مقامی لوگوں، اساتذہ اور والدین نے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کی ان سرگرمیوں کو نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے اس اقدام کو سراہا۔