جموں// ایک بار پھر کنجوانی چوک کا نام تبدیل کرنے کی مانگ سامنے آئی ہے ، اب کی بار اس تاریخی چوک کو اٹل بہاری واجپائی کے نام منسوب کر کے وہاں سابق وزیر اعظم کا مجسمہ نصب کرنے کا مطالبہ جموں کشمیر یوتھ شرنارتھی ایکشن کمیٹی کی طرف سے کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے اپنے وقت کے ولی اور فقیر کامل بابا کانجو کے نام سے منصوب کنجوانی چوک کو بابا بندہ بہادر کے نام پر رکھنے کےلئے ایک منظم جد و جہد چلائی جارتی رہی ہے ۔ یوتھ شرنارتھی ایکشن کمیٹی کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق واجپائی کے دسویں کی تقریب کےد وران کمیٹی کے صدر آر سی شرما نے کہا کہ واجپائی کی ملک کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں ، انہوں نے نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی اپنی چھاپ چھوڑی تھی اس لئے انہیں یاد کرتے ہوئے جموں میں ان کے نام سے ایک مجسمہ نصب کرنے کے ساتھ ساتھ چوک کا نام بھی کنجوانی سے بدل کر اٹل بہاری چوک رکھا جائے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اٹل بہاری واجپائی ایک سچے ہندو وادی ہونے کے ساتھ ساتھ سیکولر بھی تھے انہوں نے گجرات فسادات کے بعد نریندر مودی جو کہ اس وقت گجرات کے چیف منسٹر تھے، کو راج دھرم نبھانے کی صلاح دی تھی۔ واجپائی کے نام پر جموں میں میموریل قائم کرنے کو ان کے تئیں سچی شردھانجلی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس چوک کو واجپائی چوک کے نام سے جانا جائے گا تو جموں میں داخل ہونے والے لوگوں کو جموں کے لوگوں کو واجپائی کے تئیں عقیدت اور پیار کا اندازہ ہو سکے گا۔ اس موقعہ پر کمل جیت شرما، تلک راج شرما، بلدیو سنگھ اور مونیکا شرما نے بھی خطاب کیا۔