عظمیٰ نیوز سروس
گاندربل//وادی کشمیر کے سب سے بڑے فٹ بال ٹورنامنٹ ’’کشمیر میگا فٹ بال ٹورنامنٹ‘‘ کا نواں ایڈیشن انڈور سٹیڈیم سہ پورہ گاندربل میں اختتام پذیر ہوگیا۔گرینڈ فائنل کا مشاہدہ ڈویژنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر گاندربل مشتاق احمد سمنانی کے ساتھ کیا۔ٹورنامنٹ میں وادی کشمیر کی 32 ٹیموں نے حصہ لیا اور سینکڑوں نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔فائنل میچ ایف سی سمبل اور ایرائز ایف سی لنگیٹ کے درمیان کھیلا گیا جو ایرائز ایف سی لنگیٹ نے پنالٹی شوٹ آؤٹ سے جیت لیا۔ایف سی لنگیٹ کے عمر خواجہ مین آف دی سیریز قرار پائے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی کمشنر نے فائنل میچ میں شاندار مظاہرہ کرنے پر دونوں ٹیموں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے مقامی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے کھیلوں کے مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور منشیات کی لعنت اور دیگر سماجی برائیوں سے دور رہیں ۔بعد ازاں انہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میمنٹوز تقسیم کئے۔