عاصف بٹ
کشتواڑ\ضلع کشتواڑ میں گزشتہ رات سے جاری موسلا دھار بارشوں سے ضلع بھر میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوگئے ہیں۔جہاں میدانی علاقوں مں بارشیں ہوئیں وہیں بالائی علاقوں میں تازہ برفباری درج کی گئی۔ بالائی علاقہ جات میں کئی انچ تازہ برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوئیں۔خراب موسمی حالات اور طلبہ کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر ضلع بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو بند رکھا۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ طلبہ اور اساتذہ کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔ ادھر سنتھن ٹاپ کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کے بعد سنتھن۔کشتواڑ شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ برف جمع ہونے اور پھسلن کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت ممکن نہیں رہی۔ متعلقہ محکموں کی ٹیمیں صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور موسم میں بہتری آنے کے بعد سڑک کو بحال کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔
ڈوڈہ ضلع میں بھی بارشیں وتازہ برفباری
درجہ حرارت میں نمایاں کمی، تعلیمی ادارے بند رہے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ضلع ڈوڈہ کے میدانی علاقوں میں گزشتہ رات سے جاری ہلکی و تیز بارشوں اور پہاڑوں پر تازہ برفباری کے نتیجے میں پورے خطے میں موسم کی صورتحال یکسر تبدیل ہو گئی ہے۔طویل عرصے سے جاری خشک سالی کے خاتمے کے بعد جہاں مقامی آبادی نے راحت کی سانس لی ہے، وہیں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق بدھ کی درمیانی شب سے ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،گندوہ بھلیسہ و عسر مرمت کے مضافات میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو جمعرات کو دوپہر تک جاری رہا اس دوران بھدرواہ و بھلیسہ کے پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی. ضلع کے بالائی مقامات بشمول بھلیسہ، گندوہ اور دیگر پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ ڈوڈہ شہر اور گردونواح کے میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔اس موسمی تبدیلی سے زراعت اور باغبانی سے وابستہ افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ یہ بارشیں خشک سالی کے منفی اثرات کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ موسم کی موجودہ صورتحال شدید سردی اور نقل و حمل میں ممکنہ دشواریوں کے پیشِ نظر انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر جمعرات کو تعلیمی زون بھٹیاس ،بھلیسہ ،دیسہ، ٹاپ نیل، گندنہ و مرمت کے تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آنے والے چوبیس گھنٹوں میں موسم کی یہی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔