عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے مغل میدان علاقے کے سگدی بھاٹہ جنگلات میں سیکورٹی فورسز نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اسلحہ گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی فوج کی 11راشٹریہ رائفلز اور جموں و کشمیر پولیس نے مشترکہ طور پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر انجام دی۔ سیکورٹی ایجنسیوں کو اطلاع ملی تھی کہ سگدی بھاٹہ کے درابی باجمندو جنگلات میں مشتبہ سرگرمیاں دیکھی گئی ہیں جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے گھنے جنگلات میں تلاشی آپریشن شروع کیاتھا ۔منظم اور مربوط سرچ آپریشن کے دوران فورسز نے ایک مبینہ ملی ٹینٹ ٹھکانے کا پتہ لگا کر اسے تباہ کر دیا۔ تلاشی کے دوران ایک کاربائن رائفل، ایک پسٹل میگزین، 9 ایم ایم کے 97راؤنڈ، 7.62ایم ایم کے 18راؤنڈ، ایک 51ایم ایم یو بی جی ایل گرینیڈ، تقریباً ایک کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ مواصلاتی آلات میں ایک کینوو ریڈیو سیٹ اور دو موٹرولاریڈیو سیٹس بھی ضبط کیے گئے۔ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ برآمدگی علاقے میںملی ٹینٹوں کی موجودگی یا نقل و حرکت کی جانب اشارہ کرتی ہے تاہم بروقت کارروائی سے ممکنہ بڑے خطرے کو ٹال دیا گیا ہے۔ برآمد شدہ مواد کو قبضے میں لے کر فارنسک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ اس کے ذرائع اور ممکنہ روابط کا پتہ لگایا جا سکے۔