کرناہ//اشفاق سعید//کرناہ کے جنگلات میں گذشتہ تین روز سے بھیانک آگ لگی ہے اور ابھی تک متعدد سرسبز درختان جل کر حاکستر ہو چکے ہیں ۔معلوم رہے کہ دو دن قبل کرناہ کے کمپارٹمنٹ نمبر 34میں اچانک آگ ظاہر ہوئی جس نے کمپارٹ منٹ نمبر 33کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا۔ آگ اس قدر شدید ہے کہ اس کے شعلے دور دور تک دکھائی دے رہے ہیں،جبکہ محکمہ کا عملہ آگ بجھانے کے کام میں لگا ہوا ہے۔محکمہ کے اہلکاروں کے مطابق خشک موسم اور تیز ہوا چلنے کی وجہ سے آگ بجھانے میں دقتیں پیش آرہی ہیں ،تاہم اس کے باوجود بھی محکمہ کے تمام 33ملازمین آگ بجھانے کے کام میں لگے ہوئے ہیں جبکہ مقامی پنچایتی اراکین نے بھی لوگوں سے ایپل کی ہے کہ مزید جنگل کوبچانے کیلئے محکمہ جنگلات کے ساتھ تعاون کریں ۔مقامی سرپنچوں نے اس دوران مساجد میں بھی اعلان کرائے اور لوگوں سے کہا کہ جنگل کوبچانا سب کا فرض ہے اس لئے سب محکمہ جنگلات کے ساتھ تعاون کریں ۔رینج افسر کرناہ شمس الرحمان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سوموار کو بعد دوپہر قریب اڑھائی بجے کمپارٹمنٹ نمبر 34میں اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے کمپارٹمنٹ نمبر 33کو بھی اپنی لیٹ میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ آگ کی واردات کی خبر ملتے ہی ،محکمہ کے اہلکار موقعہ پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کوشش گذشتہ 48گھنٹوں سے جاری ہیں اور محکمہ کے تمام اہلکار اس کارروائی میں لگے ہوئے ہیں ۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اگر لوگوں نے تعاون کیا تو آج دوپہر تک آگ پر قابو پایا جائے گا ۔