بانڈی پورہ//حاجن بانڈی پورہ میں 2014 کوایک سرپنچ کومارنے کے الزام میں یہاں سنیچرکو مقامی عدالت نے آٹھ افراد کو سزاسنائی۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ وسیشن جج بانڈی پورہ محمد ابراہیم وانی نے کلیدی ملزم کو 10برس کی قید کی سزاسنانے کے علاوہ30ہزارروپے جرمانہ بھی عائد کئے جبکہ اس کے چھ ساتھیوں کوتین سال اورایک ماہ کی سزادی گئی۔ایک خاتون کو بھی چھ ماہ کی سزاسنائی گئی۔ان سبھوں کو گزشتہ ہفتے مجرم قراردیاگیاتھاجب انہیں کاٹھی پورہ حاجن کے سرپنچ عبدالرشید وگے کو قتل کرنے میں ملوث پایا گیا۔کلیدی ملزم غلام احمد پرے ساکن کاٹھی پورہ کودس سال قیداور تیس ہزارروپے جرمانہ کی سزادی گئی جب اُسے رنبیرپینل کوڈ کی دفعہ304شق2کے تحت مجرم پایاگیا۔اُسے رنبیرپینل کوڈ کی دفعہ341 کے تحت دیگرجرموں کیلئے مزیدتین سال کی سزادی گئی تاہم یہ سزائیں ساتھ ساتھ چلیں گی۔ دیگرملزموں شکیل احمدخان،مشتاق احمدخان۔محمدسلطان پرے،شوکت احمد پرے،فردوس احمد پرے ،فیروزاحمد پرے کو زنبیرپینل کوڈ کی دفعہ147اور341 کے تحت مجرم پایاگیااورانہیں تین سال ایک ماہ کی قیدکی سزاسنائی گئی۔عدالت نے مزیدحکم دیا کہ تفتیش کے دوران ملزموں نے جو مدت قیدمیں گزاری ،اُسے سزا میں مجرادیاجائے گا۔عدالت میں سرکارکی طرف سے عبدالمجید جبکہ ملزموں کی طرف سے شعیب احمد دیوانی کیس کی پیروی کررہے تھے۔