سرینگر// سرکار نے جموں کشمیر میں کان کنی کو پٹے پر دینے کی سہولیات کی فراہمی سے متعلق عملداری کرنے کیلئے ضلعی سطح پر ایک ہی چھت کے نیچے کمیٹی کی تشکیل نو دینے کو منطوری دی۔عمومی انتظامی محکمہ کی جانب سے جمعرات کو جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ضلعی سطح پر ان کمیٹیوں کی کمان متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو دی گئی ہے ۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹیاں30دنوں کے اندر، تمام متعلقہ اداروں کی طرف سے کلیئرنس فراہم کریں گی تاہم خصوصی وجوہات کی بنیاد پر غیر معموملی حالات میں اس کو 45 روز تک توسیع دی جاسکتی ہے،اور اس صورت میں بھی وجوہات تحریری طور پر درج کرانے ہونگے۔متعلقہ محکموں کو ہر ایک ضلع میں اس سلسلے میں کلیئرنس فراہم کرنے کیلئے نوڈل افسراں کو نامزد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔حکومت نے جموں کشمیر میں جل جیون مشن کے تحت محکمہ جل شکتی کی وساطت سے پائپوں کی خریداری کیلئے تیار کردہ معیاری بولی سے متعلق دستاویزات کو حتمی شکل دینے کیلئے کمیٹی کی منظوری دی۔ حکم نامہ کے مطابق اس کمیٹی کی کمان ڈیولپمنٹ کمشنر ورکس کے سپرد کی گئی ہے جبکہ کمیٹی میں محکمہ خزانہ کے نمائندے جو ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے سے کم نہ ہو کے علاوہ محکمہ جل شکتی کے ڈائریکٹر فائنانس،محکمہ صنعت و حرفت کے ڈائریکٹر، چیف انجینئر،میکنکل انجینئرنگ محکمہ جموں، محکمہ پی ایچ ای کشمیرکے چیف انجینئر اور ان کے جموں کے ہم منصب ممبران ہونگے۔ آرڈر میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی چیف انجینئروں کی جانب سے پیش کی گئی ضروریات کی بنیاد پر معیاری بولی دستاویزات کو حتمی شکل دیکر منظوری دے گی،جبکہ ٹینڈر رپورٹ کا احاطہ کرکے اس پر تجزیہ کرے گی اور منظوری کے بعد متعلقہ چیف انجینئر سپلائی آرڈر دینے سے قبل رپورٹ پیش کرے گی۔آرڈر میں مزید کہا گیا کہ ٹینڈروں کا احاطہ کرنے والی کمیٹی چیف انجینئر جل شکتی محکمہ کی سربراہی میں کام کرے گی۔آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ٹینڈروں کا احاطہ کرنے والی کمیٹی اس عمل کیلئے ذمہ دار ہوگی،جبکہ کمیٹی تمام رہنما خطوط اور ضوابط کی پاسداری کو یقینی بنائے گی۔