سرینگر//محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے بتایاگیا ہے کہ جموں وکشمیر میں کالج سطح کے تعلیمی اداروں میں یکم فروری سے درس و تدریس کا کام شروع ہوگا۔جموں صوبہ کے سرمائی زون میں کالجوں کی سرمائی تعطیلات31جنوری جبکہ وادی کشمیر اور جموں کے گرمائی زون کے کالجوں کی سرمائی تعطیلات14فروری کو ختم ہورہی ہیں۔ سیکریٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم طلعت پرویز نے بتایا کہ جموں میں کالج سطح کے طلاب کے کلاسز یکم فروری جبکہ وادی کشمیر کے کالج سطح کے طلاب کے کلاسز 15 فروری سے شروع ہونگے۔انہوں نے مزید کہا کہ درس و تدریس کے عمل کے دوران کورونا پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ہر احتیاط کوملحوظ رکھا جائے گا۔یاد رہے کہ جموں وکشمیر میں کالج امتحانات اور دیگر انتظامی امور کیلئے پہلے سے ہی کام کررہے ہیں تاہم درس و تدریس کا کام کم و بیش ایک سال سے معطل ہے۔جموں وکشمیرکی حکومت نے پہلے ہی اسکولوں کو بھی کھولنے اور درس و تدریس کا کام بحال کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں احکامات بھی صادر کئے گئے ہیں۔جموں کشمیر میں سبھی قسم کے تعلیمی اداروں میں گذشتہ برس ماہ مارچ سے درس و تدریس کا کام بند پڑا ہے۔