بانہال//ضلع ترقیاتی کونسلر رامسو اے بشیر احمد نائیک نے بغیر آدھار کارڈ سے جڑے صارفین کو راشن بند کرنے کیلئے محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کی سخت الفاظ میں نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وبائی صورتحال میں یہ عوام مخالف کاروائی سراسر زیادتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے راشن کارڈ سے ان کی اہلیہ اور ان کے دو بچوں کا نام کاٹ دیا گیا یے جبکہ ایسے ہی ضلع رام بن کے سینکڑوں کنبوں کو راشن آدھار لنک نہ ہونے کی وجہ سے پچھلے دو ماہ سے بند کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے کئی کئی بار اپنے آدھار کارڈ راشن ڈیلروں کے حوالے کئے ہیں لیکن وہ لنک ہی نہیں کئے گئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحصیل بانہال کے اسی فیصدی پہاڑی آبادی کے راشن صارفین باہر رکھے گئے ہیں اور انہیں راشن بلیک میں اور مارکیٹوں سے اونچے دام خریدنا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کی وجہ سے سب ڈویژن بانہال اور سب ڈویژن رامسو میں سینکڑوں غریب کنبے اور ہزاروں صارفین مفت راشن سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے حلقہ نیل میں ایک ہی کنبے کے نو میں سے آٹھ افراد راشن کی تقسیم سے باہر رکھے گئے ہیں اور صرف گھر کے سربراہ بوڑھے کو ہی ماہانہ پانچ کلو راشن کا مستحق قرار رکھا گیا یے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ محکمہ کے تحصیل اور ضلع افسر کے علاہ ڈائریکٹر اور ڈپٹی کمشنر رام بن کی نوٹس میں بھی لایا گیا ہے مگر معاملہ جوں کا توں یے۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔اس سلسلے میں بات کرنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر امور صارفین و عوامی تقسیم کاری رام بن ناصر احمد بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جن صارفین کا آدھا کارڈ ان کے راشن کارڈ سے ابھی تک جڑا نہیں ہے انہیں راشن کی فراہمی اوپر سے ہی روک دی گئی ہے اور راشن کا سارا ڈیٹا ہر مہینے باقاعدگی سے فردا ًفرداً پڈیٹ کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو فوری طور پر اپنے اہل خانہ کے آدھار کارڈ راشن کارڈوں سے لنک کرانے ہوں گے تاکہ انہیں راشن کی حصولیابی میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے ان کے ساتھ بھی براہ راست رابطہ کیا جاسکتا ہے۔