سرینگر//نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ بڈگام میںجمہوریت پھر ایک بار شرمسار ہوئی اور موقعہ پرست اور ابن الوقت افراد نے دن دھاڑے اس کا جنازہ نکالا۔ انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر بڈگام کے 9ڈی ڈی سی ممبران سے ملاقات کے دوران کہا کہ بڈگام میں نیشنل کانفرنس کے اپنے 8ڈی ڈی سی ممبران ہیں اور اتحاد کے ایک سمیت ہمیں 9ممبران کی حمایت حاصل تھی جبکہ ہمارے مدمقابل اُمیدوار کو 5کی حمایت حاصل تھی اور اس کے باوجود بھی واضح اکثریت والوں کو ہرایا گیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ بڈگام کے ڈی ڈی سی چیئرمین کے انتخاب میں انتظامیہ نے قواعد و ضوابط کی دھجیاں اُڑائیں۔ ایسا ہی کچھ شوپیان میں بھی کیا گیا۔ عمر عبداللہ نے ڈی ڈی سی ممبران کو ہدایت کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنے حقوق کے حصول کیلئے قانونی اور جمہوری جدوجہد کریں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے یہ معاملہ چیف الیکشن کمشنر اور صوبائی کمشنر کیساتھ اٹھایا ہے اور ہمارے معزز ممبرانِ پارلیمان نے لوک سبھا میں بھی یہ معاملہ اٹھایا ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ہم عدالت عالیہ کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے مشکل حالات میں نکل کر اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا اور اپنا منڈیٹ تفویض کیا لیکن لوگوں کے منڈیٹ کو خرید و فروخت ، دھاندلیوں اور دھونس و دبائو کے ذریعے تہس نہس کیا جارہا ہے۔