اننت ناگ//عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ(پی اے جی ڈی)نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ڈسڑکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی)کے چیئر مین اور نائب چیئر مین عہدوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ ڈاک بنگلہ کھنہ بل میں منعقد ہ ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین اور نائب چیئر مین کے چنائو میںشرکت کرنے کی غرض سے سبھی14 منتخب نمائندے موجود تھے۔الیکشن عمل کے دوران گپکار الائنس( این سی)کے اُمیدوار محمد یوسف گورسی نے چیئر مین کا عہدہ حاصل کرلیا جبکہ پی ڈی پی کے ایڈوکیٹ جاوید شیخ نے نائب چیئر مین کے عہدے پر جیت حاصل کرلی ۔ اننت ناگ نشست شیڈول ٹرائب کیلئے مختص رکھی گئی ہے ۔ محمد یوسف گورسی کے حق میں11ووٹ پڑے جبکہ حریف آذاد اُمیدوار ساجدہ بیگم نے3ووٹ حاصل کئے ۔نائب چیئر مین ایڈوکیٹ جاوید احمد شیخ بلامقابلہ کامیاب قرار پائے ۔واضح رہے کہ حالیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں محمد یوسف گورسی حلقہ انتخاب پہلگام سے امیدوار تھا جبکہ ایڈوکیٹ جاویدنے اننت ناگ کانسچونسی سے جیت حاصل کی تھی ۔نتائج سامنے آنے کے بعد کامیاب اُمیدواروں کو کارکنوں نے مبارکباد پیش کی ۔کارکنوں نے اُنہیں پھولوں کے ہار پہنا کر اُن کے حق میں نعرے بلند کئے ۔چنائو کے پیش نظر ڈاکہ بنگلہ کھنہ بل کے ارد گرد سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔اننت ناگ ضلع کے انتخابات کے بعد گپکار اتحادنے ابتک4ضلعی کونسلوں میں بلواسطہ اورایک میں بلاواسطہ طورپرکنٹرول حاصل کرلیاہے۔ گپکار الائنس کے مقابلے میںبھاجپا اور اپنی پارٹی نے جموں کشمیر کے7اضلاع میں کامیابی حاصل کی ہے۔یاد رہے کہ پہلے اور دوسرے مرحلے میں بھاجپا اور اپنی پارٹی نے جموں کشمیر کے12اضلاع میں 7میں کامیابی حاصل کی ۔اپنی پارٹی نے وادی میں شوپیان اور سرینگر کے2 اضلاع میں کامیابی حاصل کر لی جبکہ کپوارہ میں پیپلز کانفرنس ،بڈگام میں آزاد امیدوار( جو پی ڈی پی کا ضلع صدر ہے) نے جیت درج کی ۔کولگام میں گپکار الائنس کی اکائی سی پی آئی ایم نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے جبکہ تیسرے مرحلے میں گپکار الائنس کی اہم اکائیوں نیشنل کانفرنس اورپی ڈی پی نے گاندربل وپلوامہ میں جیت درج کی اوربھاجپانے ریاسی اور سانبہ میں کامیابی حاصل کی۔ بھاجپا نے ابتک کل ملا کر جموں، ادہمپور،ریاسی، سانبہ ،ڈوڈہ اورکٹھوعہ میں کامیابی درج کی ہے۔اب پانچویں مرحلے میں بانڈی پورہ ، بارہمولہ، راجوری ، پونچھ اور رام بن میں13فروری کو ڈی ڈی سی چیئرپرسن اورنائب چیئرپرسن عہدوں کیلئے انتخابات ہورہے ہیں۔
چیئرمین بڈگام کا انتخابDDC
معاملہ الیکشن کمشنر اور صوبائی کمشنر کی نوٹس میں لایا گیا
نیوز ڈیسک
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان جسٹس (ر)حسنین مسعودی نے ریاستی چیف الیکشن کمشنر شری کے کے شرما سے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے بڈگام میں ہوئے ڈی ڈی سی چیئر مین کے انتخاب کا معاملہ انکی نوٹس میں لایا۔ حسنین مسعودی نے شرما کو بتایا کہ نیشنل کانفرنس کو بڈگام میں واضح اکثریت حاصل ہے اورپارٹی کو 9ممبران جبکہ اپوزیشن اُمیدوار کو صرف5کی حمایت حاصل تھی۔انہوں نے الیکشن کمشنر کو مزید بتایا کہ اس کے علاوہ قرعہ اندازی کے دوران بھی قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھا گیا اور ایک ایسے شخص کے ذریعے قرعہ اندازی کرائی گئی جس نے پرچیوں پر نام تحریر ہوتے ہوئے دیکھے تھے۔ کے کے شرما نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ معاملہ کی تحقیقات کریں گے اور حق دار کو حق ملے گا۔ حسنین مسعودی نے بعد میں صوبائی کمشنر کشمیر کیساتھ بھی اس بارے میں تفصیل سے بات کی اور اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔ مسعودی نے دونوں اعلیٰ افسران کوبتایا کہ ایسے اقدامات سے ملک کی جمہوریت کی شبیہ خراب ہورہی ہے اور ایسے معاملات کی روک تھام انتہائی ضروری ہے۔