راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری راجیش کے شاون نے بدھ کے روز نوشہرہ کے علاقے لام کا دورہ کیا جہاں محکمہ پشو پالن کے دیرینہ اراضی حصولیابی مسئلہ کو حل کیا ۔ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ چندن کوہلی ، ڈائریکٹر پشوپالن ویوک شرما ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ سکھدیو سنگھ سنبیال اور تحصیلدار قلعہ درہال ، وجئے کمار شرما بھی موجود تھے۔ یہاں یہ تذکرہ کرنا ضروری ہے کہ محکمہ پشوپالن وبھیڑپالن کی تقریباً 2880 کنال اراضی جہاں ان دونوں محکموں کے فارم واقع ہیں،پر لوگوں نے غیرقانونی طور پر تجاوزات کئے ہیں اور مستقبل قریب میں مزید اراضی پر بھی تجاوزات کیے جانے کا شبہ ظاہر کیا گیا۔ کچھ دن پہلے ڈپٹی کمشنر کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی سنگینی کا ادراک کرکے ڈی سی نے افسران کی ایک ٹیم کے ساتھ جائے وقوع کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پشوو بھیڑپالن کے افسران اور عہدیداروں کی موجودگی میں اراضی کی حد بندی کرنے کیلئے ریونیو آفیسر کو موقع پر ہدایت جاری کی۔ محکمہ پبلک ورکس سے متعلقہ افسر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس کے ارد گرد فرم کے سیمنٹ ستون کھڑا کرے ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پشو پالن و محکمہ بھیڑ پالن کے فارم کے متعلقہ افسران اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ زمین کی نشانی کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ سے قریبی رابطہ رکھیں۔حد بندی کے عمل کے دوران کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ سے کہا گیا ہے کہ وہ اس جگہ پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کام کی مقررہ مدت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر فرم سیمنٹ ستونوں کی تعمیر کے سلسلے میں پیشرفت کی نگرانی کو یقینی بنانے کے لئے بھی کہا۔