بانہال//اتوار کی شام ایک سو دس کلومیٹر لمبی کشتواڑ ۔ بٹوٹ شاہراہ پر بٹوٹ سے نو کلومیٹر پہلے بھڈی مڑی کے مقام ایک کار مخالف سمت سے آرہی ایک بس کے ساتھ ٹکرانے کے بعد سڑک سے لڑھک کر کم از کم تین سو فٹ نیچے گہری کھائی میں جاگری۔ یہ کار نمبر JK-02AK/5522پریم نگر ڈوڈہ سے جموں کی طرف جارہی تھی اور بٹوت پہنچنے سے نو کلومیٹر پہلے ایک مندر کے پاس یہ گاڑی شاہراہ سے لڑھک گئی اور اس سے پہلے یہ کار مخالف سمت سے آرہی ایک بس سے ٹکرائی۔ حادثے کی خبر ملتے ہی عسر ضلع ڈوڈہ کی پولیس اور الخیرعسر کے رضاکار اور بٹوٹ کے مقامی رضاکاروں نے بچاﺅ کاروائیوں کا آغاز کیا اور اس حادثے میں ایک شخص کو کھائی میں موقع پر ہی مردہ پایا گیا جبکہ ایک خاتون کو شدید زخمی حالت میں کھائی سے برآمد کرکے ہسپتال پہنچایا گیا ۔ جائے واقع پر موجود عسر پولیس کے ایک افسر ساحل کمار شرما نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس حادثے میںجگدیش راج ولد دتو رام ساکنہ ادھیان پور (50)موقع پر ہی ہلاک ہوا اوراس کی بھانجی پریا شرما دختر پنچی رام ساکنہ پریم نگر (24)شدیدزخمی ہوئی اور اسے ایمرجنسی ہسپتال بٹوت منتقل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاش کوپرائمری ہیلتھ سینٹر عسر لیا جارہا ہے جہاں ضروری کاغذی لوازمات کے بعد لاش کو آخری رسومات کیلئے ورثا کے سپرد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سٹیشن عسر میں اس ضمن میں ضروری کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔