ڈوڈہ //جموں و کشمیر کے ممتاز عالم دین، مفسر قرآن، محقق و دانشور مفتی فیض الوحید علیہ رحمہ کے ایصال ثواب کیلئے جمعہ کے روز ڈوڈہ ضلع کے شہر و گام میں قائم مساجد میں دعائیہ مجالس و قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس دوران علمائے کرام و آیمہ مساجد نے مرحوم مفتی صاحب کی علمی، دعوتِ اصلاحی، تصنیفی و بے لوث دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موت سے پوری قوم سکتہ میں ہے۔ ڈوڈہ، بھدرواہ ،عسر ،ٹھاٹھری و گندوہ میں مختلف مذہبی تنظیموں مقامی لوگوں کی طرف سے منعقد دعائیہ مجالس کے دوران مقررین نے امت و نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مرحوم مفتی صاحب کے مشن کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ دین و دنیا کی کامیابی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ مرحوم مفتی صاحب کی طرف سے لگائے گئے پودوں کی آبیاری کی جائے اور قرآن کریم کے مطابق اپنی عملی زندگی گذاریں۔ اس دوران مفتی صاحب کی ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا اور ان کے اہل خانہ سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔