ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی تحصیل گندنہ واقع گاؤں بنشالہ ملوانہ میں سڑک کی عدم دستیابی سے ترقی یافتہ دور میں بھی مریضوں،حاملہ خواتین و ضعیف العمر لوگوں کو چارپائی پر اٹھا کر 4/5 کلومیٹر کی مسافت طے کرنے کے بعد گاڑی تک پہنچایا جاتا ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے علاقہ کے وفد نے بتایا کہ 60 گھروں پر مشتمل گاؤں بنشالہ پنچائت ملوانہ ایسٹ کے لوگ سڑک کی مانگ کو لے کر ہر حکومت کے پاس گئے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔وفد میں شامل سماجی کارکن راہی نواز لون، نیاز احمد و ممبر پنچائت اقبال شاہ نے کہا کہ مذکورہ گاؤں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے جبکہ گاؤں میں ہندو و مسلم برادری کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں لیکن سڑک کی عدم دستیابی سے آج بھی گاؤں کے بزرگوں، مریضوں و حاملہ خواتین کو چارپائی پر اٹھا کر سڑک اور وہاں سے اپنے گھروں کو پہنچایا جاتا ہے۔ انہوں نے صوبائی و ضلع انتظامیہ سے مذکورہ گاؤں کو سڑک کے ساتھ جوڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر بی ڈی سی چیئرمین گندنہ سرشاد احمد نٹنو نے بھی بنشالہ گاؤں کے لئے سڑک کو منظوری دینے کا حکام سے مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس گاؤں کے لئے پروجیکٹ بھی بنوایا ہے تاہم ابھی تک منظوری نہیں دی گئی ہے۔