ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک خاتون ہلاک ہوئی ہے اور ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جمعہ کو بعد دوپہر سندرا سے چکرابتی جارہی ایک وین زیر نمبرJK06A/2248 چکرابتی کے نزدیک حادثہ کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں موقع پر ہی نیلمہ دیوی زوجہ انکش کمار (32)ساکنہ سندرا ہلاک ہوئیں جبکہ انکش کمار ولد رام لال زخمی ہوا۔ اس دوران مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمی شخص کو جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیا جبکہ مہلک خاتون کو طبی لوازمات مکمل کرکے وارثین کے سپرد کیا گیا۔ ڈوڈہ ضلع میں سڑک حادثات کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاں کے ساتھ ساتھ لوگ اپاہچ بھی ہو رہے ہیں اور پچھلے دو ہفتوں کے دوران الگ الگ سڑک حادثات کے دوران 9افراد ہلاک اور 9زخمی ہوئے ہیں ۔معلوم رہے کہ ضلع ڈوڈہ ایسا ضلع ہے جہاں کی تنگ اور دشوار گزار سڑکوں پر سڑک حادثات رونما ہوتے ہیں جبکہ سڑک حادثات کی ایک بڑی وجہ پرانی گاڑیاں اور تیز رفتاری بھی ہے ۔اس ضلع میں روان سال کے 2ماہ جنوری اور فروری کے مہینے میں کل 34سڑک حادثات رونما ہوئے تھے جس دوران 9افراد کی موت اور 44زخمی ہوئے تھے ،جبکہ مارچ اور اپریل میں بھی سڑک حادثات کا سلسلہ جاری ہے اور اموات کے ساتھ ساتھ لوگ زخمی بھی ہو رہے ہیں اور اس کی روکتھام کیلئے حکام کے پاس کوئی بھی منصوبہ نہیں ہے صرف زبانی جمع خرچ سے کام لیا جاتا ہے ۔