عظمیٰ نیوزسروس
ڈوڈہ//’نشہ مُکت ابھیان‘ کے تحت ڈوڈہ ضلع میں مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں میں 5ہزار سے زائد نوجوانوں نے حصہ لے کر صحت مند معاشرے کے قیام کے عزم کا مظاہرہ کیا۔محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس نے ضلع کے تعلیمی اداروں میں کرکٹ، کبڈی، والی بال اور کھو کھو جیسے کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے، جن کا مقصد نوجوانوں کی توانائی کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور منشیات سے دور رہنے کا پیغام عام کرنا تھا۔شرکاء نے اس مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں انہیں صحت مند رہنے اور منشیات سے دور رہنے کی ترغیب دیتی ہیں، جبکہ اپنے ساتھیوں میں بھی مثبت پیغام پھیلانے کا ذریعہ بنتی ہیں۔