سرینگر// ضلع ڈوڈہ کے سب ڈویژن گندوہ ٹھاٹھری میں پیر کو سواریوں سے بھری ایک گاڑی گہری کھائی میں جاگرنے سے چھ افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ایک میٹا ڈار گاڑی سواریوں سے بھری تھی جب یہ کلہوتران شاہراہ پر روندی کے نزدیک حادثے کا شکار ہوکر تین سو فٹ گہری کھائی میں جاگری۔
اطلاعات میں مزید بتایا گیا ہے کہ حادثے کی جگہ سے پانچ لاشیں نکالی گئیں جبکہ ایک زخمی گورنمنٹ میڈیکل کالیج ڈوڈہ میں دم توڑ بیٹھا۔اسطرح سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہوگئی۔تین شدید زخمی افراد کوڈوڈہ سے بذریعہ ائر لفٹ کرکے جموں میڈیکل کالج منتقل کیا گیا۔
چیف میڈیکل آفیسر ڈوڈہ ڈاکٹر محمد یعقوب میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پریم چند ولد سنت رام ساکنہ چرالہ نے جی ایم سی ڈوڈہ میں دم توڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تین افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ہے اور ایک زخمی ڈوڈہ میں زیر علاج ہے۔ سی ایم او نے کہا کہ ابھی تک اس حادثے میں کل 6 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔