جموں //گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی اور کے وجے کمار نے آٹھویں جماعت سے لیکر دسویں جماعت کے 200 طلاب پر مشتمل دستے کو جھنڈی دکھا کر آگرہ کیلئے روانہ کیا ۔ اس پروگرام کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف سماگرہ سکھشا جموں کشمیر نے طلاب ایکسچینج پروگرام کے تحت کیا ہے ۔ اس دورے کے تحت کشمیر صوبے کے دس ضلعوں سے تعلق رکھنے والے طلاب کو بیرونِ ریاست میتری یاترا پر لیا جاتا ہے تا کہ وہ مختلف علاقوں کے گوناں گوں ثقافتی ورثے اور دیگر پہلوؤں کے بارے میں جانکاری حاصل کر سکیں ۔ ریاست نے مختلف دستوں میں 9 ہزار طلاب کو ملک کی مختلف ریاستوں کا دورہ کرانے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ واضح رہے کہ دسمبر مہینے کے دوران 605 طلاب نے پروگرام کے تحت ہریانہ ، کرناٹکا اور چندی گڑھ کا دورہ کیا جبکہ رواں مہینے کے دوران ایک ہزار طلاب دہلی اور بنگلورو سمیت کئی دیگر ریاستوں کا دورہ کر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ طلاب ایکسچینج پروگرام کی والدین اور بچوں نے کافی ستایش کی ہے ۔ ایم ایچ آر ڈی اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرتی ہے اور میز بان ریاستیں بھی دورہ کرنے والے طلاب کو متعدد سہولیات میسر رکھتی ہیں ۔ اس موقعہ پر سیکرٹری سکولی تعلیم اجیت کمار ساہو ، پروجیکٹ ڈائریکٹر سماگرہ سکھشا ابھیان ارون کمار منہاس اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ تقریب پر مشیروں نے طلاب اور اساتذہ کے ساتھ بات چیت کی اور اُن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے طلاب پر زور دیا کہ وہ دورے کے دوران نظم و ضبط کو برقرار رکھیں ۔