ٹوکیو//جاپان نے کہا ہے کہ اس کی سمندری خوردنی اشیا کی درآمد پر پابندی لگانے کے چین کے اقدام کا وہ عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے قوانین کے تحت مقابلہ کرے گا۔ جاپان کے چیف کابینہ سکریٹری ہیروکازو ماتسونو نے بدھ کو یہ بات کہی۔خیال رہے کہ چین نے حال ہی میں جاپان کے فوکوشیما نیوکلیئر پاور پلانٹ (این پی پی) سے ٹریٹڈ پانی کو سمندر میں چھوڑنے کی وجہ سے جاپانی سمندری غذا ئی اشیا کی درآمد پر پابندی لگا دی ہے۔
جاپان کی خبر رساں ایجنسی کیوڈو نے گزشتہ روز ایک رپورٹ میں کہا کہ جاپانی حکومت چین کے اس اقدام کے خلاف ڈبلیو ٹی او میں مقدمہ دائر کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ماتسونو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا “اس قسم کی کارروائی (چین کی کارروائی) کو ہر گز قبول نہیں کیا جا سکتا۔ ہم ڈبلیو ٹی او کے نظام کے تحت ضروری کارروائی کرنے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔”قابل ذکر ہے کہ چند سال قبل فوکوشیما نیوکلیئر پاور پلانٹ میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا تھا۔