نیوز ڈیسک
جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کنونشن سینٹر میں وفود سے ملاقات کی ۔ ڈی ڈی سی چیئرمین جموں بھارت بھوشن کی قیادت میں ایک وفد جس میں کئی ڈی ڈی سی ممبران شامل تھے ، نے چیف سیکرٹری کو اپنے مسائل سے متعلق ایک میمورنڈم پیش کیا ۔ اس دوران جن اہم مسائل پر بات کی گئی ان میں سڑکوں اور بجلی کی فراہمی سے متعلق امور شامل تھے ۔ چیف سیکرٹری نے وفد کو غور سے سُنا اور یقین دلایا کہ انتظامیہ کی جانب سے متعدد تبدیلی کے اقدامات کی وجہ سے بجلی سے متعلق مسائل کو چند ماہ میں حل کر لیا جائے گا ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس سال سے جل جیون مشن کے تحت نلکے کے پانی کی باقاعدہ فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ اسی طرح چند ماہ میں چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈاکٹر مہتا نے وفد کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی متعلقہ پنچائتوں میں پرایمری سکولوں کا سوشل آڈٹ کریں ۔ وفد کے دیگر ارکان نے سرحدی علاقوں کے مکینوں ، کان کنی ، تعلیم اور صحت کی خدمات وغیرہ سے متعلق مسائل کو اٹھایا ۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ تمام مسائل کو بروقت حل کیا جائے گا ۔ بی ڈی سی ممبران کے ایک وفد کے ساتھ میٹنگ میں چیف سیکرٹری نے پنچائتوں میں ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیا اور تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ چیف سیکرٹری نے ان سے تعاون کرنے اور نشہ مکت بھارت ابھیان میں فعال طور پر حصہ لے کر منشیات کی لعنت کو ختم کرنے میں مدد کرنے پر زور دیا ۔ سرپنچوں کے ایک وفد نے بھی ڈاکٹر مہتا سے ملاقات کی ۔ وفد نے اپنے مقامی اداروں میں عملے کی کمی ، پی ایم اے وائی ہاوسز ، زیر التوا ادائیگیوں کی اجرائی وغیرہ سے متعلق مسائل کو اٹھایا ۔ چیف سیکرٹری نے مطلوبہ نتائج کیلئے جاری نشہ مکت بھارت ابھیان میں ان سے تعاون طلب کیا ۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ تمام محکموں کے افسران پی آر آئی کے ممبران سے ہر مہینے میں کم از کم ایک بار ایک شناخت شدہ دن پر ملاقات کریں گے ۔ وفد کو یقین دلایا گیا کہ تمام مویشیوں کو جلد کی بیماری سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے ۔ چھنی راما ، چھنی بیجا ، چھنی ہمت اور چھنی کملا کے رہائشیوں کی جانب سے چئیر مین پبلک ہیلتھ سینی ٹیشن سٹینڈنگ کمیٹی راج کمار ترکھان کی قیادت میں ایک وفد نے چیف سیکرٹری سے ملاقات کی اور مشترکہ پی ڈبلیو ( آر اینڈ بی ) سڑک کو دوبارہ کھولنے کی درخواست کی ۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قیادت میں مختلف تجارتی اور کاروباری اداروں کے وفد نے چیف سیکرٹری کو اپنے مسائل اور مطالبات کی فہرست بھی پیش کی ۔ ڈاکٹر مہتا نے ٹرانسپورٹروں کے وفد سے بھی بات چیت کی جس نے اپنے شعبے کے مطالبات کو اجاگر کیا ۔ آل انڈیا جاٹ مہاسبھا کے نمائندوں نے بھی چیف سیکرٹری سے ملاقات کی اور اپنے مسائل کا ایک میمورنڈم پیش کیا ۔